الہ آباد :ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ غیر امدادی نجی اسکول یکساں، نیک نیتی پر مبنی اور غیر امتیازی یونیفارم پالیسی نافذ کرسکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ طالبہ حجاب کو ضروری مذہبی عمل ثابت کرنے کے لیے خاطر خواہ مواد پیش نہیں کرسکی۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے گیارہویں جماعت میں حجاب پہن کر داخلہ لینے کی خواہش مند ایک مسلم طالبہ کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ کوئی غیر امدادی نجی اسکول اس صورت میں اپنی یونیفارم پالیسی نافذ کرسکتا ہے، جب وہ پالیسی تمام طلبہ کے لیے یکساں، نیکk نیتی پر مبنی اور غیر امتیازی ہو۔
جسٹس جے جے منیر اور جسٹس اندرجیت شکلا کی بنچ نے کہا کہ طالبہ یہ ثابت کرنے کے لیے خاطر خواہ مواد پیش نہیں کرسکی کہ سر ڈھانپنے کے لیے حجاب پہننا اسلام کا لازمی مذہبی عمل ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں حجاب پہننے کی اجازت ملنے سے طالبہ کو آئندہ بھی اسے پہننے کا کوئی قابلِ نفاذ حق حاصل نہیں ہوگیا۔
پریاگ راج کے اٹرسوئیا واقع ٹیگور پبلک اسکول کی نابالغ طالبہ سکینہ رضوی نے جماعت ششم سے دہم تک اسی اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی اور گیارہویں جماعت میں داخلے کی خواہش مند تھی۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ وہ مسلم شیعہ برادری سے تعلق رکھتی ہے اور بچپن سے حجاب پہنتی رہی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اسکول کی مقررہ یونیفارم ترک کرنے کا مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت چاہتی ہے، کیونکہ وہ بچپن سے اسے پہننے کی عادی ہے اور حجاب کے بغیر خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتی۔
سکینہ رضوی نے دعویٰ کیا کہ اسکول نے جماعت ششم سے دہم تک اسے حجاب پہننے کی اجازت دی اور کبھی اعتراض نہیں کیا۔ اس نے اپنے اسکول کے شناختی کارڈز اور جماعت ہشتم، نہم اور دہم کی گروپ تصاویر بھی پیش کیں، جن میں وہ مقررہ یونیفارم کے ساتھ حجاب پہنے نظر آتی ہے۔ تاہم، اس کے مطابق جب اس نے گیارہویں جماعت میں بھی حجاب کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی تو اسکول نے داخلہ دینے سے انکار کردیا۔
اسکول نے داخلہ دینے سے کیوں انکار کیا؟
اسکول نے حکام کو بتایا کہ تمام طلبہ کے لیے ایک مشترکہ ڈریس کوڈ مقرر ہے اور سکینہ کو حجاب پہننے کی اجازت دینا یونیفارم سے استثنیٰ دینے کے مترادف ہوگا۔.اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ یہ ایک مخلوط تعلیمی ادارہ ہے، جہاں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور سب کے لیے ایک ہی ڈریس کوڈ نافذ ہے۔
اسکول نے یہ بھی بتایا کہ اسی مذہبی برادری سے تعلق رکھنے والی دیگر طالبات مقررہ یونیفارم کی پابندی کرتی ہیں۔ پرنسپل کے مطابق اگر ایک طالبہ کو یونیفارم سے الگ لباس پہننے کی اجازت دی گئی تو اس سے اسکول کے نظم و ضبط اور انتظامی امور متاثر ہوسکتے ہیں۔ چنانچہ اسکول نے کہا کہ جب تک سکینہ حجاب کے ساتھ یونیفارم پہننے پر اصرار کرتی رہے گی، اسے داخلہ نہیں دیا جاسکتا۔
دوسری جانب سکینہ رضوی نے دلیل دی کہ حجاب اس کے مذہبی عقیدے کا حصہ ہے اور اسے پہننے سے روکنا آئین کے آرٹیکل 14 اور 19(1)(a) کے تحت حاصل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس نے وقار اور جسمانی خودمختاری کے حق کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ حجاب باوقار لباس کی ایک شکل ہے۔
حجاب اور اسلامی عقیدے کے بارے میں عدالت نے کیا کہا؟
عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کا یہ دعویٰ کہ حجاب پہننا ایک لازمی مذہبی عمل ہے، مناسب قانونی مؤقف یا کافی مواد سے ثابت نہیں ہوتا۔عدالت نے کہا:’’ایسا کوئی مؤقف، مستند مذہبی متن یا مواد ریکارڈ پر موجود نہیں ہے جو بذاتِ خود یہ ثابت کرسکے کہ کلاس روم کے اندر اسکارف پہننے کا دعویٰ کردہ عمل اس کے لیے لازمی ہے اور اسے ترک کرنے سے اس کے عقیدے کی بنیادی نوعیت متاثر ہوگی۔‘‘عدالت نے کہا کہ صرف دعویٰ کرنے کی بنیاد پر آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تحفظ کا مطالبہ قبول نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت کے مطابق طالبہ نے یہ ضرور کہا کہ وہ بچپن سے اور جماعت ششم میں اسکول میں داخلے کے وقت سے حجاب پہنتی رہی ہے، لیکن اس نے حجاب کو لازمی مذہبی عمل ثابت کرنے کے لیے ضروری قانونی اور حقائق پر مبنی بنیاد فراہم نہیں کی۔عدالت نے مزید کہا کہ ایسا کوئی مواد بھی پیش نہیں کیا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ:’’مسلمان عورت کے لیے سر ڈھانپنا مذہب کا لازمی حصہ ہے اور اسے ترک کرنے سے متعلقہ لڑکی یا عورت اپنے مذہب سے خارج ہوجائے گی۔‘‘
کیا حجاب پہننے کی اجازت سے طالبہ کو اسے جاری رکھنے کا حق مل گیا تھا؟
عدالت نے اس سوال کا جواب نہیں میں دیا۔بنچ نے کہا کہ ماضی میں بغیر کسی اعتراض کے حجاب پہننے کی اجازت ملنے سے طالبہ کو ایسا مستقل یا قابلِ نفاذ حق حاصل نہیں ہوگیا جس کی بنیاد پر اسکول کو اپنی یونیفارم پالیسی میں رعایت دینا لازمی ہوجائے۔عدالت نے کہا کہ ماضی میں اسکول نے شاید غفلت، عدمِ کارروائی، یونیفارم پالیسی نافذ نہ کرنے، شائستگی یا تردد کی وجہ سے حجاب کی اجازت دی ہو، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسکول بعد میں اپنے ڈریس کوڈ کو نافذ نہیں کرسکتا۔
عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یونیفارم کا مقصد صرف لباس کا انتخاب طے کرنا نہیں ہے۔ اس کے مطابق یونیفارم نظم و ضبط پیدا کرتی ہے، بچوں کے درمیان مساوات کو فروغ دیتی ہے، ادارے کی شناخت ظاہر کرتی ہے اور کلاس روم میں امتیازات کو ختم کرتی ہے۔عدالت نے کہا کہ یونیفارم مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک ’’مذہب سے غیر جانب دار ماحول‘‘ قائم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے، کیونکہ سب کے لیے یکساں اصول نافذ ہوتے ہیں۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ نجی ادارے کے سپرد ہونے کے باوجود تعلیم ایک عوامی ذمہ داری ہے، اس لیے ایسے اسکول عدالتی رِٹ دائرۂ اختیار کے تابع ہوسکتے ہیں۔ تاہم، عدالت کے مطابق اسکول طالبہ کے مذہبی عقیدے کی آزادی محدود کرنے کی کوشش نہیں کر رہا تھا بلکہ اس سے ادارے کے نظم و ضبط، بالخصوص یونیفارم کی پابندی کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
دیگر عدالتی فیصلوں کا بھی حوالہ
عدالت نے حجاب اور اسکول یونیفارم سے متعلق سابقہ فیصلوں کا بھی جائزہ لیا، جن میں کرناٹک ہائی کورٹ کا حجاب معاملے میں فیصلہ شامل ہے۔عدالت نے سپریم کورٹ کے 2023 کے منقسم فیصلے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے معاملہ حتمی طور پر طے نہیں ہوا تھا۔ عدالت نے دیگر ہائی کورٹس کی جانب سے دی گئی وجوہات کو بھی قابلِ غور قرار دیا۔
آخر میں الہ آباد ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ انفرادی طلبہ کو ذاتی بنیادوں پر مقررہ یونیفارم سے الگ ہونے کی اجازت دینا ’’یونیفارم کے تصور کے منافی ہوگا‘‘ اور اس سے اسکول کے نظم و ضبط کا اختیار ادارے کے بجائے انفرادی طلبہ کے ہاتھ میں منتقل ہوسکتا ہے۔عدالت نے رِٹ پٹیشن خارج کردی اور اخراجات کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا۔
علماء کی ناراضگی
مسلم علما نے منگل کے روز الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم پر تنقید کی، جس میں پریاگ راج کے ایک اسکول کی نابالغ طالبہ کی جانب سے مقررہ اسکول ڈریس کوڈ کے ساتھ اضافی طور پر حجاب پہننے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔اسلامک سینٹر آف انڈیا کے چیئرمین مولانا خالد رشید نے کہا کہ حجاب ان کے مذہب کا لازمی حصہ ہے اور طالبات کو اسکول یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے ANI سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’حجاب اسلام کا لازمی حصہ ہے اور اس بارے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے خود پردے کا حکم دیا ہے۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ تمام طلبہ کو اسکول یونیفارم پہننی چاہیے، تاہم لڑکیوں کو یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت ہونی چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے بچے اسکول جاتے وقت مذہبی اہمیت کی حامل اشیا استعمال کرتے ہیں۔
مولانا خالد رشید نے مزید کہا:’’مجھے نہیں لگتا کہ حجاب کسی اصول یا ضابطے کے خلاف ہے، بلکہ یہ حیا اور باپردگی کو فروغ دیتا ہے۔‘‘
شیعہ مذہبی رہنما سیف عباس نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم خواتین کی ایک چھوٹی سی تعداد حجاب نہیں پہنتی تو اس بنیاد پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا:’’ہم اسکول یونیفارم کی مخالفت نہیں کر رہے۔ ڈریس کوڈ پر عمل ہونا چاہیے۔ لیکن اگر کوئی طالبہ حجاب پہننے کی اجازت مانگتی ہے تو آئین کے مطابق اسے اجازت دی جانی چاہیے۔ قرآن خواتین کو حجاب پہننے کا حکم دیتا ہے اور یہ اسلام کا لازمی حصہ ہے۔ اگر کچھ خواتین حجاب نہیں پہنتیں تو اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے۔‘‘