بھوپال :عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز،467 جماعتوں کی آمد

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2022
بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز،467 جماعتوں کی آمد
بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز،467 جماعتوں کی آمد

 

 

بھوپال۔ سبحٰن اللہ، الحمد اللہ، اللہ اکبر کی پرکیف صدائوں کے درمیان بھوپال(مدھیہ پردیش) میں تبلیغی جماعت کے مبلغین کا اجتماع شروع ہو گیا ہے۔ اس میں شرکت کے لیے ملک و بیرون ملک سے 467 جماعتیں بھوپال پہنچی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس 4 روزہ تقریب میں 10 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ اس میں مذہبی رہنما وعظ ونصیحت کریں گے۔

عالمی تبلیغی اجتماع میں فجر کی نماز صبح 6:05 پر ادا کی گئی۔ اس کے بعد تعلیم کا سلسلہ شروع ہوا۔ یہ دور دوپہر سے پہلے تک جاری رہے گا۔ یہاں نماز ظہر وجمعہ کا وقت 2 بجکر 15 منٹ پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد نماز عصر 4:30 بجے ادا کی جائے گی۔ نماز مغرب کا وقت بھوپال کی دیگر مساجد کی طرح ہی رہے گا جبکہ عشاء کی نماز کا وقت مقرر نہیں کیا جائے گا لیکن مغرب کے بعد شروع ہونے والے بیان کی تکمیل کے بعد نماز ادا کی جائے گی۔

اجتماع کے لیے اتکھیڑی میں الگ شہر قائم کیا گیا ہے۔ جہاں مبلغین کے قیام سے لے کر وضو وغسل تک کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے گزشتہ 2 سال سے اس کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا۔ اس چار روزہ عالمی اجمتاع کا اختتام 21 نومبر کو ہوگا۔

اجتماع کمیٹی اور انتظامیہ نے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔ اب تک 467 جماعتیں اجتماع میں شرکت کے لیے بھوپال پہنچ چکی ہیں۔ اس بار اجتماع میں کچھ پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں، اس کے علاوہ انتظامیہ نے پولیس سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول اور اجتماع میں روٹ کے حوالے سے بھی سخت تیاریاں کی ہیں۔

اجتماع میں لاکھوں افراد کی شرکت کی توقع کے پیش نظر 30 لاکھ مربع فٹ میں خیمے لگائے گئے ہیں۔ اس میں 17 کلو میٹر لمبی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بیت الخلاء وغیرہ کے تمام انتظامات ہیں۔ اس کے اندر تقریباً 17 ہزار لوگ ایک ساتھ وضو کر سکتے ہیں۔

اجتماع میں کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے لیے یہاں 34 فوڈ زون بنائے گئے ہیں۔ ان میں صرف ویج فوڈ دستیاب ہوگا۔ اس بار اجتماع کمیٹی نے گوشت پر پابندی لگا دی ہے۔ فوڈ زون میں تقریباً 2 لاکھ لوگ بیک وقت کھانا کھا سکیں گے۔ پارکنگ کے لیے 300 ایکڑ اراضی کا انتظام کیا گیا ہے۔

اس بار اجتماع کمیٹی نے نان ویج کھانے پر پابندی لگا دی ہے۔ یہاں کوئی بھی نان ویج کھانا نہیں ملے گا۔ اس کے علاوہ پولی تھین کا استعمال بھی نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پہلی بار کمیٹی نے غیر ملکی جماعت کی شمولیت پر پابندی عائد کی ہے۔

یہاں مذہبی رہنما لوگوں کو اسلام کی تعلیم دیں گے۔ اس کے بعد تمام جماعتیں واپس چلی جائیں گی اور معاشرے میں قرآن اور پیغمبر اسلام کا پیغام پھیلانے کاکام کریں گی۔ یہاں کسی قسم کے دنیاوی معاملات یا سماجی و سیاسی موضوعات پر گفتگو نہیں ہوگی۔ حکومت کی طرف سے اجتماع کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

تمام سرکاری محکموں نے بجلی، پانی، سڑک اور ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر کیا ہے۔ پولیس انتظامیہ نے بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، اجتماع گاہ اپروچ روڈ کے انتظامات کو دیکھنے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ ان کے ساتھ سسٹم میں 20 ہزار رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ جب کہ اجتماع کے پنڈال میں پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، بلکہ یہاں کا سارا انتظام رضاکاروں کو دیا گیا ہے۔