معمر ترین میراتھن رنر فوجا سنگھ کی سڑک حادثے میں موت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2025
معمر ترین میراتھن رنر فوجا سنگھ کی سڑک حادثے میں موت
معمر ترین میراتھن رنر فوجا سنگھ کی سڑک حادثے میں موت

 



جالندھر: دنیا کے سب سے معمر میراتھن رنر ہونے کا اعزاز رکھنے والے فوجا سنگھ پیر کے  پنجاب میں جالندھر-پٹھان کوٹ ہائی وے پر ایک سڑک حادثے میں 114 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔  وہ ایک گاڑی کی زد میں آ گئے۔ فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

فوجا سنگھ یکم اپریل 1911 کو پنجاب کے گاؤں بیاس میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا شمار نہ صرف دنیا کے معمر ترین افراد میں ہوتا تھا بلکہ وہ بڑھاپے میں بھی مثالی توانائی اور حوصلے کا پیکر سمجھے جاتے تھے۔

ان کی میت سرد خانے میں رکھ دی گئی ہے کیونکہ ان کے اہلِ خانہ بیرونِ ملک مقیم ہیں، اور ان کی آمد کے بعد ہی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

پنجاب کے گورنر گلاب چند کٹاریہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"فوجا سنگھ کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ 114 برس کی عمر میں بھی وہ امید اور حوصلے کی جیتی جاگتی مثال تھے۔ ان کے جذبے نے نسلوں کو متاثر کیا۔"
انہوں نے مزید لکھا:
"دسمبر 2024 میں 'نشا مکت' ایونٹ کے دوران ان سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، ان کی موجودگی نے تقریب میں نئی روح پھونک دی تھی۔"

فوجا سنگھ کی زندگی میں عمر کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنی۔ بیٹے کلدیپ اور اہلیہ کے انتقال کے بعد، انہوں نے 89 سال کی عمر میں دوڑ کو بطور مقصد اپنایا۔
سنہ 2000 میں انہوں نے پہلی بار لندن میراتھن میں حصہ لیا۔ ان کے گاؤں کے بزرگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ دوڑ کر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے مشہور تھے۔

  وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کے سب سے معمر میراتھن رنر فوجا سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

میراتھن رنر فوجی سنگھ پیر کا پنجاب کے جالندھر ضلع میں ان کے آبائی گاؤں بیاس کے قریب سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 114 برس تھی۔ فوجا سنگھ، جنہیں پیار سے ’ٹربنڈ ٹورنیڈو‘ کہا جاتا تھا، اس سال یکم اپریل کو 114 برس کے ہو ئے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں مسٹر مودی نے کہا ’’فوجا سنگھ جی اپنی منفرد شخصیت اور فٹنس جیسے اہم موضوع پر ہندوستان کے نوجوانوں کو متاثر کرنے کے اپنے طریقے کی وجہ سے غیر معمولی تھے۔ وہ ناقابل یقین عزم کے ساتھ ایک غیر معمولی ایتھلیٹ تھے۔ ان کے انتقال سے کافی رنج ہوا۔ میری تعزیت ان کے اہل خانہ اور دنیا بھر میں ان کے لاتعداد مداحوں کے ساتھ ہے۔ پرماتما ان کی روح کو اپنے چرنوں جگہ دے۔ واہے گرو واہے گرو‘۔

مصنف خوشونت سنگھ جنہوں نے ان کی سوانح عمری ’ٹربنڈ ٹورنیڈو‘ تحریر کی تھی سوشل میڈیا پر غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’’میرا ٹربنڈ ٹورنیڈو اب نہیں رہا، مجھے اپنے انتہائی قابل احترام آنجہانی فوجا سنگھ کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، وہ اپنے گاؤں بیاس میں سڑک کراس کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی زد میں آ گئے، جس کی وجہ سے وہ رات تقریباً 3 بجے اپنے گاؤں بیاس میں انقال کرگئے۔ ان کی روح کو سکون ملے‘‘۔

پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کیپٹن امریندر سنگھ نے بھی میراتھن رنر فوجا سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’’ عظیم میراتھن رنر فوجا سنگھ جی کے 114 سال کی عمر میں سڑک حادثے میں انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ ان کی غیر معمولی زندگی اور بے لوث ہمت نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ ایشور ان کی روح کو سکون عطا کرے

انہوں نے لندن، ٹورنٹو اور نیویارک میں 42 کلومیٹر کی میراتھن دوڑوں میں حصہ لیا۔ ٹورنٹو میں ان کی بہترین کارکردگی ریکارڈ پر ہے، جہاں وہ پانچ گھنٹے 40 منٹ تک مسلسل دوڑتے رہے۔فوجا سنگھ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے 100 سال کی عمر میں مکمل میراتھن ریس مکمل کی۔ 101 برس کی عمر میں انہوں نے 2012 کی لندن میراتھن میں بھی حصہ لیا، جب کہ 90 سال کی عمر کی کیٹیگری میں کئی ریکارڈ اور اعزازات ان کے نام رہے۔وہ 2004 کے ایتھنز اولمپکس اور 2012 کے لندن اولمپکس کے مشعل بردار بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ ایک اشتہار میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں ڈیوڈ بیکھم اور محمد علی کے ساتھ بھی نظر آئے۔فوجا سنگھ کی زندگی نہ صرف ایک کھلاڑی کے طور پر بلکہ ایک باحوصلہ انسان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، جنہوں نے عمر کی قید کو مات دے کر دنیا کو متاثر کیا۔