نئی دہلی: خواتین کے ریزرویشن قانون میں ترمیم اور حدبندی کمیشن کے قیام سے متعلق بلوں کی حمایت کرتے ہوئے جمعرات کو برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنماؤں نے کہا کہ خواتین کو ریزرویشن کے لیے برسوں انتظار کرنا پڑا ہے۔ وہیں اپوزیشن نے الزام لگایا کہ حکومت کا طریقۂ کار ملک کے وفاقی اور جمہوری ڈھانچے کو کمزور کر سکتا ہے۔
لوک سبھا میں بحث اور منظوری کے لیے جمعرات کو ’آئین (131واں) ترمیمی بل 2026‘، ’حدبندی بل 2026‘ اور ’یونین اسٹیٹ لا (ترمیم) بل 2026‘ پیش کیے گئے۔ پارلیمنٹ کے اس تین روزہ اجلاس کے دوران ’ناری شکتی وندن ایکٹ‘ (خواتین ریزرویشن قانون) میں ترمیم کرکے اسے 2029 تک نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن یقینی بنایا جائے گا۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں یقین ظاہر کیا کہ خواتین ریزرویشن قانون میں ترمیم کو وسیع حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا، "خواتین برسوں سے انتظار کر رہی ہیں اور اب ان کا صبر جواب دے رہا ہے۔ یہ بل اجتماعی طور پر منظور ہوگا۔" انہوں نے حدبندی کے عمل پر اپوزیشن کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کسی بھی ریاست، خاص طور پر جنوبی ریاستوں کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں ہوگا۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ سندھیا رائے نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حکمرانی میں خواتین کی شرکت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ مجوزہ آئینی ترمیمی بل کے مطابق، 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر حدبندی کے بعد، 2029 کے عام انتخابات سے پہلے خواتین ریزرویشن نافذ کرنے کے لیے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد موجودہ 543 سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 850 تک کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں میں بھی خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن یقینی بنانے کے لیے نشستوں کی تعداد بڑھائی جائے گی اور خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کی تقسیم مختلف حلقوں میں مرحلہ وار کی جائے گی۔ جنتا دل (یو) کی رکن پارلیمنٹ لولی آنند نے اپوزیشن کے اعتراضات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ابھی کچھ ہوا ہی نہیں ہے تو حدبندی کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کے مفاد میں ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے مجوزہ حدبندی عمل پر سنجیدہ خدشات ظاہر کیے ہیں۔ کانگریس رہنما کے سریش نے کہا کہ ان کی پارٹی خواتین ریزرویشن کی حمایت کرتی ہے، لیکن اس سے جڑے حدبندی کے منصوبے کی مخالفت کرتی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیبی ایڈن نے کہا کہ انہوں نے اس تجویز کے خلاف طریقہ کار سے متعلق نوٹس دیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حدبندی بل آئین پر براہ راست حملہ ہے اور اس سے جنوبی ریاستوں کے حقوق متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں میں اضافہ شمالی اور جنوبی ریاستوں کے درمیان عدم توازن پیدا کر سکتا ہے، اس لیے اس معاملے پر ریاستوں سے وسیع مشاورت ضروری ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی خواتین ریزرویشن کے خلاف نہیں ہے، لیکن جس طریقے سے حکومت اسے لا رہی ہے، وہ اس کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر حدبندی مناسب نمائندگی کو یقینی نہیں بنائے گی۔ شیوسینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے بھی اسی طرح کی تشویش ظاہر کی، جبکہ ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ ٹی آر بالو نے کہا کہ ان کے رہنما ایم کے اسٹالن نے اس بل کے خلاف کل سیلم میں ایک ریلی کے دوران اس کا مسودہ جلا دیا۔
لوک سبھا میں این ڈی اے کے ارکان کی کل تعداد 292 ہے، جبکہ اہم اپوزیشن جماعتوں کے پاس 233 ارکان ہیں۔ آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے لیے ایوان میں موجود اور ووٹنگ کرنے والے ارکان کی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔