کوآپریٹیو سوسائٹی بورڈ میں خواتین کی نمائندگی: راہل گاندھی کے سوال پر امت شاہ کا جواب

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
کوآپریٹیو سوسائٹی بورڈ میں خواتین کی نمائندگی: راہل گاندھی کے سوال پر امت شاہ کا جواب
کوآپریٹیو سوسائٹی بورڈ میں خواتین کی نمائندگی: راہل گاندھی کے سوال پر امت شاہ کا جواب

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ و وزیر برائے کوآپریٹیو امت شاہ نے منگل کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ ایسے سہکاری اداروں کے بورڈ میں، جو ایک سے زیادہ ریاستوں میں کام کرتے ہیں، خواتین کے لیے دو اور درج فہرست ذات/درج فہرست قبائل (ایس سی/ایس ٹی) کے لیے ایک نشست مخصوص کی گئی ہے۔

یہ جواب انہوں نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے تحریری سوال کے جواب میں دیا، جس میں راہل گاندھی نے سہکاری شعبے میں ایس سی/ایس ٹی کی شرکت بڑھانے کے اقدامات کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ امت شاہ نے بتایا کہ حکومت نے تمام ریاستوں میں پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں (پی اے سی ایس) کے لیے ماڈل بائی لاز (مثالی ضوابط) میں بھی ایسے ہی اصول شامل کیے ہیں۔

ان اقدامات کا مقصد خواتین اور درج فہرست ذات و قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کو بہتر نمائندگی دینا اور پی اے سی ایس کی رکنیت کو مزید شمولیتی بنانا ہے۔ راہل گاندھی نے یہ سوال بھی کیا تھا کہ کیا حکومت نے سہکاری وزارت کے تحت چلنے والی بڑی اسکیموں، خاص طور پر ایتھنول پلانٹس کے قیام کے لیے مالی معاونت کی اسکیم میں، ایس سی/ایس ٹی سب پلان کے لازمی بجٹ مختص سے کوئی چھوٹ دی ہے یا نہیں؟

اس پر امت شاہ نے بتایا کہ وزارت مختلف اسکیمیں چلا رہی ہے، جیسے کہ پی اے سی ایس کا کمپیوٹرائزیشن، سہکاری شوگر ملز کو مستحکم کرنے کے لیے نیشنل کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این سی ڈی سی) کو مالی امداد، اور سہکاری سوسائٹیوں کے لیے آئی ٹی معاونت۔

انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں سے سہکاری اداروں کے کسان اراکین کو فائدہ ہو رہا ہے، جن میں درج فہرست ذات اور قبائل کے کسان بھی شامل ہیں۔ شاہ نے وضاحت کی کہ سہکاری اداروں کے ذریعے اسکیموں کے نفاذ کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص مالی چھوٹ دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سہکاری شوگر ملز کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت نے مالی سال 2022-23 اور 2024-25 کے دوران 500-500 کروڑ روپے کی دو قسطوں میں کل 1,000 کروڑ روپے کا گرانٹ این سی ڈی سی کو دیا ہے۔ اس مالی مدد کے ذریعے این سی ڈی سی نے مارکیٹ سے اضافی قرض حاصل کیا اور سہکاری شوگر ملز کو 10,000 کروڑ روپے کی مالی معاونت دی گئی۔

یہ معاونت ایتھنول پلانٹس، کو-پروڈکشن یونٹس کے قیام، ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، یا ان سب کاموں کے امتزاج کے لیے دی گئی۔ اس اسکیم کے تحت این سی ڈی سی نے 109 قرضوں کی منظوری دی، جس سے 56 سہکاری شوگر ملز کو کل 10,005 کروڑ روپے کی مالی مدد ملی۔