بڑی جیت کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے: مودی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-12-2025
بڑی جیت کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے:  مودی
بڑی جیت کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کو بہار سے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے ارکانِ پارلیمنٹ سے حال ہی میں منعقدہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں حکمراں اتحاد کی شاندار جیت کے بعد عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید جوش و جذبے کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی جیت کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے۔
لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی رکنِ پارلیمنٹ شامبھوی چودھری نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے این ڈی اے کے ارکانِ پارلیمنٹ کے اس وفد کو یہ پیغام اس وقت دیا جب وہ (اراکینِ پارلیمنٹ) بہار انتخابات میں حکمراں اتحاد کی بھاری کامیابی پر انہیں مبارک باد دینے کے لیے دہلی آئے تھے۔
میٹنگ کے بعد شامبھوی نے صحافیوں سے کہا کہ ہم نے بہار میں شاندار قیادت اور انتخابی مہم کے تعاون کے لیے وزیرِ اعظم کو مبارک باد دی اور اُن کا شکریہ ادا کیا، جس کی بدولت ہماری انتخابی مہم کو مضبوط رفتار ملی۔ وزیرِ اعظم نے ہمیں یاد دلایا کہ بڑی کامیابی کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے۔
شامبھوی کے مطابق، مودی نے اراکینِ پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ بہار کے عوام کی فلاح کے لیے مزید جذبے کے ساتھ کام کریں، کیونکہ سب کے لیے جامع ترقی این ڈی اے کی واضح ترجیح ہے، چاہے وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتے ہوں۔ شامبھوی نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے این ڈی اے کے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ منفی سوچ، نفرت اور جھوٹ کے بجائے ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔
ذرائع کے مطابق، مودی نے بہار کے این ڈی اے اراکینِ پارلیمنٹ کو یاد دلایا کہ اصل کام انتخابات کے بعد شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیرِ اعظم نے اتحاد کے ہر ساتھی جماعت سے گفتگو کی اور بہار میں این ڈی اے کی جیت کی اہمیت پر زور دیا۔ بہار کی 243 رکنی اسمبلی کے لیے گزشتہ ماہ ہوئے انتخابات میں این ڈی اے نے 202 نشستیں جیتیں، جس سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سربراہ نتیش کمار کے دسویں بار ریاست کے وزیرِ اعلیٰ بننے کا راستہ ہموار ہوا۔
این ڈی اے کو حاصل کل 202 نشستوں میں سے 89 پر بی جے پی، 85 پر جے ڈی یو، 19 پر لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، پانچ پر ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور چار پر نیشنل لوک مورچہ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔