شاندار روایت کے ساتھ 56 واں شنکر شاد مشاعرے کا انعقاد

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2025
شاندار روایت کے ساتھ 56 واں شنکر شاد مشاعرے کا انعقاد
شاندار روایت کے ساتھ 56 واں شنکر شاد مشاعرے کا انعقاد

 



نئی دہلی : دہلی کی قدروں کے علمبردار،گنگا جمنی تہذیب کا پیامبر 56 ویں شنکر شاد مشاعرہ حسب روایت گزشتہ شب تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا جس میں ہندوستان کے اہم شعرا نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا شنکر لال مرلی دھر میموریل سوسائٹی نے ڈی سی ایم شری رام کے تعاون سے دہلی میں 56 ویں شنکر شاد مشاعرے کا انعقاد کیا۔

یہ سالانہ مشاعرہ 5 اپریل 2025 کو حسبِ روایت ماڈرن اسکول بارہ کھمبا روڈ کے سر شنکر لال ہال میں شام سات بجے سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک اپنا جادو بکھیرتا رہا۔ دہلی اور قرب و جوار سے تشریف لائے ہوئے باذوق سامعین کے لئے مشاعرہ گاہ کے باہر بھی بڑی ایل ای لگا کر مشاعرہ سننے کا خصوصی اہتمام کیا گیاتھا۔ ہندوستان کے پہلے چیف انفارمیشن کمشنر اور قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین اور سابق آئی اے ایس افسر وجاہت حبیب اللہ اس بزم کے مہمانِ خصوصی تھے ۔

مشاعرے کے روحِ رواں مسٹر مادھو شری رام نے مہمانِ خصوصی اور مشاعرہ کمیٹی کی ایگزیکیٹو ممبر محترمہ رخشندہ جلیل اور محترم اجے شرما کے ساتھ شمعِ مشاعرہ روشن کی ۔ مشاعرے کی نظامت اقبال اشہر نے بحسن و خوبی انجام دئے ۔ پروفیسر وسیم بریلوی، جاوید اختر اور شین کاف نظام جنھیں بھارت سرکار نے پدم شری سمان دینے کا فیصلہ کیا ہے کی موجودگی نے مشاعرے کے معیار اور وقار میں اضافہ کیا ۔

ان حضرات کے علاوہ پاپولر میرٹھی، گوہر رضا ،خوشبیر سنگھ شاد، محترمہ نصرت مہدی ، محترمہ شبینہ ادیب، نعمان شوق، علینا عترت اور اظہر اقبال نے اپنا کلام پیش کیا ۔مشاعرے کے درمیانی حصے میں پہلا شنکر شاد مشاعرہ کنٹیسٹ جیتنے والے قلم کاروں کی خدمت میں پروفیسر وسیم بریلوی ، جاوید اختر اور محترمہ دویا شری رام نے ٹرافیاں پیش کیں۔ اس پروگرام کی نمایاں کامیابی دلیل یہ تھی کہ سامعین مشاعرہ ختم ہونے کے بعد بھی کچھ شعرا کو سننے کے منتظر تھے