پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا اختتام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا اختتام
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا اختتام

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے بعد منگل کے روز سرمائی اجلاس کا باضابطہ اختتام (سَتراوسان) ہو گیا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری علیحدہ علیحدہ بیانات کے مطابق، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو اجلاس کے اختتام کی منظوری دی۔ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس یکم دسمبر سے شروع ہوا تھا، جسے 19 دسمبر کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اس دوران لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارکردگی بالترتیب 111 فیصد اور 121 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لوک سبھا کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے سے قبل، اسپیکر اوم برلا نے اپنے روایتی خطاب میں کہا تھا کہ اس اجلاس کے دوران 15 نشستیں منعقد ہوئیں، جو مجموعی طور پر 92 گھنٹے اور 25 منٹ تک جاری رہیں۔ اٹھارہویں لوک سبھا کے چھٹے اجلاس میں کل 10 سرکاری بل پیش کیے گئے، جن میں سے ایوان نے آٹھ سرکاری بلوں کو منظوری دی۔

ان میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کی جگہ لانے کے لیے پیش کیا گیا ’وکست بھارت–جی رام جی بل، 2025‘ بھی شامل تھا، جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ راجیہ سبھا کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے سے قبل، چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ایوانِ بالا کا 269واں اجلاس ’’انتہائی نتیجہ خیز‘‘ رہا اور تقریباً 92 گھنٹوں کی کارروائی کے ساتھ 121 فیصد کارکردگی درج کی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین کی حیثیت سے یہ ان کا پہلا اجلاس تھا۔