پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی تاریخ کا اعلان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2025
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی تاریخ کا اعلان
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی تاریخ کا اعلان

 



نئی دہلی: وفاقی پارلیمانی امور کے وزیر کیرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اطلاع دی ہے کہ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس بلانے کے لیے حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ اجلاس 1 دسمبر 2025 سے شروع ہو کر 19 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا۔

کیرن رجیجو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی نے 1 دسمبر 2025 سے 19 دسمبر 2025 تک پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے (پارلیمانی کام کی ضروریات کے مطابق)۔ ایک تعمیری اور بامعنی اجلاس کی امید ہے جو ہمارے جمہوریت کو مضبوط کرے گا اور عوام کی امنگوں کو پورا کرے گا۔" اس سے پہلے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اس اجلاس میں ایس آئی آر (SIR) پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے 166 گھنٹے ضائع ہو گئے۔ اس دوران عوام کے ٹیکس کا تقریباً 248 کروڑ روپے ضائع ہوا۔ خصوصی بحث کے بعد آپریشن سندور معاملے میں تصادم تو ٹل گیا، مگر ایس آئی آر پر سیاسی تنازعہ آخری دن تک جاری رہا۔ ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کے 84.5 گھنٹے اور راجیہ سبھا کے 81.12 گھنٹے برباد ہوئے۔

راجیہ سبھا کی کارروائی صرف 38.88 گھنٹے چل سکی۔ ایک رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ہر منٹ کی کارروائی پر تقریباً 2.5 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں، یعنی ایک گھنٹے کا خرچ قریب 1.5 کروڑ روپے ہوتا ہے۔ اسی حساب سے لوک سبھا میں 126 کروڑ روپے اور راجیہ سبھا میں تقریباً 122 کروڑ روپے ضائع ہوئے۔ البتہ، آخری نو دنوں میں زبردست قانون سازی کی گئی — راجیہ سبھا میں 15 اور لوک سبھا میں 12 بل پاس کیے گئے۔

عام طور پر ایک سال میں پارلیمنٹ کے تین اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں: بجٹ اجلاس (Budget Session) — فروری سے مئی تک ہوتا ہے۔ اس میں بجٹ پیش کیا جاتا ہے، اس پر بحث، منظوری اور ووٹنگ ہوتی ہے۔ پارلیمانی کمیٹیاں وزارتوں اور محکموں کی گرانٹس پر غور کرتی ہیں اور اپنی رپورٹیں پیش کرتی ہیں۔ مانسون اجلاس (Monsoon Session— جولائی سے اگست کے درمیان منعقد ہوتا ہے۔ سرمائی اجلاس (Winter Session) — عام طور پر نومبر سے دسمبر کے درمیان بلایا جاتا ہے۔ یہ اجلاس ملک کے قانون سازی کے عمل اور جمہوری نظام کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔