نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی ریکھا گپتا حکومت نے ریاست کے محکمہ محنت (لیبر ڈیپارٹمنٹ) کو چند اہم ہدایات جاری کی ہیں، جن میں خواتین کا نائٹ شفٹ میں کام کرنا اور دفاتر میں چھانٹی جیسے معاملات سے متعلق رہنما اصول شامل ہیں۔ دہلی حکومت نے لیبر ڈیپارٹمنٹ سے کہا ہے کہ کسی بھی خاتون ملازمہ کو نائٹ شفٹ میں تبھی بلایا جائے جب وہ اس پر رضامند ہو، اور اس سلسلے میں محکمہ محنت مناسب قانونی ترامیم کرے۔
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے منگل کو وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں دہلی کے وزیر داخلہ آشیش سود، وزیر صنعت منجندر سنگھ سرسا، چیف سیکریٹری دھرمیندر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے پولیس افسران اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان موجود تھے۔
نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات
ایل جی سکسینہ کے دفتر کے حکام کے مطابق، محکمہ محنت کو دہلی شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرنے اور فیکٹریز ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں، تاکہ تمام حفاظتی اقدامات کو نافذ کیا جا سکے۔
انڈسٹریل ڈسپیوٹ ایکٹ میں ترمیم
حکومت نے صنعتی تنازعات ایکٹ میں بھی ترمیم کے احکامات دیے ہیں۔ اس ترمیم کے تحت اگر کسی فیکٹری یا کمپنی میں 200 ملازمین ہیں، تو اب ایسی کمپنی کو بند کرنے یا ملازمین کی چھانٹی کرنے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ فی الحال یہ حد 100 ملازمین پر ہے۔ حکام کے مطابق، یہ قدم کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
کارکنوں کے معاوضے کے لیے قانون کی ضرورت
دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں مزدوروں کے پاس لیبر کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے شْرَمِک وِکاس سنگٹھن کے جنرل سیکریٹری کرشنا یادو نے کہاکہ اگر حکومت کمپنیوں کو بغیر اجازت کاروبار بند کرنے یا چھانٹی کی اجازت دے رہی ہے، تو مزدوروں کو معاوضہ دینے کے لیے بھی ایک مضبوط قانون ہونا چاہیے، کیونکہ اس کا براہِ راست اثر ان پر ہی پڑے گا۔