نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز الزام عائد کیا کہ خواتین ریزرویشن ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کا خواتین کے ریزرویشن سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ یہ بھارت کے انتخابی نقشے کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے جو ایک “شرمناک اقدام” ہے۔
انہوں نے لوک سبھا میں ’آئین (131ویں ترمیم) بل 2026‘، ’حد بندی بل 2026‘ اور ’یونین ٹیریٹری لا (ترمیم) بل 2026‘ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حکومت مردم شماری میں ذات پات کے اعداد و شمار کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا، “پورا اپوزیشن مل کر حکومت کی اس کوشش کو ناکام بنائے گا۔” ان کا کہنا تھا کہ یہ خواتین ریزرویشن بل نہیں ہے اور اس کا خواتین کے بااختیار بنانے سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق 2023 میں منظور کیا گیا بل ہی اصل خواتین ریزرویشن بل تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ “یہ بھارت کی خواتین کے پیچھے چھپ کر انتخابی نقشے کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔
” کانگریس رہنما نے اسے “شرمناک اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب خواتین کے نام پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ذات پات کی مردم شماری کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور او بی سی طبقات سے ان کے حقوق چھیننے کی کوشش ہو رہی ہے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ حکومت او بی سی برادری کو ان کے حقوق دینے سے گریز کر رہی ہے اور یہی اس کا ایجنڈا ہے۔