پٹنہ:دو دو ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کے معاملے پر بہار اسمبلی اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو سرخیوں میں ہیں۔ ان کے خلاف شکایت بھی درج کی گئی ہے۔ اس دوران انہوں نے منگل (5 اگست 2025) کو صحافیوں سے بات چیت میں اس معاملے پر کہا کہ میرے پاس اس کا جواب ہے، جو آگے دیا جائے گا۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ بوُتھ کے لحاظ سے کئی لوگوں کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، جبکہ کئی گھروں میں پچاس لوگوں کے نام درج ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس بارے میں بتانا چاہیے۔ کئی بے ضابطگیاں ہوئیں ہیں، جنہیں ہم الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے اور عدالت میں بھی اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے بہار میں اساتذہ کی بھرتی میں ڈومیسائل پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہار اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف تیجسوی یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر ان کی حکومت آئی تو وہ اس پالیسی کو نافذ کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو کسی واضح پالیسی اور وژن نہ ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
تیجسوی یادو نے کہا ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر ہماری حکومت آئے گی تو ہم یہ کریں گے۔ تو جو ہم کہتے ہیں، وہی حکومت کر رہی ہے۔ حکومت آگے چل کر ہماری 'مائی-بہن مان' یوجنا کو بھی کاپی کرے گی۔ حکومت کے پاس اپنا کوئی روڈمیپ یا وژن نہیں ہے۔ ڈومیسائل کی بات گزشتہ 20 سالوں سے ہو رہی ہے۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ بہار کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار اور نوکری ملے۔
کئی ریاستوں میں ڈومیسائل نافذ ہے، لیکن یہاں اب کیا گیا ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ حکومت اسے کس طرح نافذ کرتی ہے۔ ایک بات واضح ہے کہ جو اپوزیشن کہتا ہے، حکومت وہی کاپی کرتی ہے۔ ہم کہتے ہیں اور وہ کرتے ہیں۔
تیجسوی یادو منگل کو رانچی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ واضح رہے کہ آج جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شبو سورین کا آخری رسومات ادا کی جا رہی ہے، جس میں شرکت کے لیے تیجسوی پٹنہ سے روانہ ہو رہے تھے۔