جے رام رمیش کا بھوپیندر یادو کو خط

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-06-2026
جے رام رمیش کا بھوپیندر یادو کو خط
جے رام رمیش کا بھوپیندر یادو کو خط

 



نئی دہلی
کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے جمعہ کے روز مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو کو ایک خط لکھ کر سوال اٹھایا کہ گریٹ نکوبار پروجیکٹ سے متعلق رپورٹس، مطالعات اور منصوبوں کو چھپانے کے لیے اتنی غیر معمولی حد تک رازداری اور غیر شفافیت کیوں اختیار کی جا رہی ہے۔
سابق وزیرِ ماحولیات جے رام رمیش نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کے جائزے  اور اس کے سنگین ماحولیاتی نتائج سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا، جبکہ حکومت کا رویہ مسلسل ٹال مٹول پر مبنی رہا ہے۔گریٹ نکوبار پروجیکٹ کے معاملے پر گزشتہ چند مہینوں کے دوران جے رام رمیش اور بھوپیندر یادو کے درمیان متعدد بار خط و کتابت ہو چکی ہے۔
اپنے خط میں رمیش نے لکھا کہ 3 جون 2026 کے میرے خط کے جواب میں 13 جون 2026 کو بھیجے گئے آپ کے مکتوب کا شکریہ، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آپ کا جواب انتہائی مایوس کن اور غیر اطمینان بخش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ایک بار پھر یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ گریٹ نکوبار جزیرہ منصوبے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق ماحولیاتی اثرات کے جائزے واضح طور پر ناکافی ہیں اور خود وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے مقرر کردہ رہنما اصولوں کے مطابق نہیں ہیں۔ میں اپنے سابقہ خطوط میں ان خامیوں کی تفصیل بیان کر چکا ہوں، لیکن آپ کے پاس ان کا کوئی تسلی بخش جواب موجود نہیں ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر کا یہ مؤقف ہے کہ ماحولیاتی منظوری کی شرائط کے تحت مسلسل نگرانی کا نظام موجود ہے، تاہم اس حوالے سے وہ چند اہم نکات ان کی توجہ کے لیے پیش کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق، ہر چھ ماہ بعد عمل درآمد  رپورٹ عوام کے لیے جاری کی جانی چاہیے، لیکن مارچ 2024 کے بعد ایسی کوئی رپورٹ دستیاب نہیں کرائی گئی۔ مزید یہ کہ منصوبہ نگرانی کمیٹی کے اجلاسوں کی تفصیلات بھی اجلاس منعقد ہونے کے کئی ماہ بعد اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔
رمیش نے کہا کہ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جن تمام رپورٹس، مطالعات اور منصوبوں کو عوامی کرنے کا میں مطالبہ کر رہا ہوں، ان سے ان نام نہاد اسٹریٹجک مقاصد پر کوئی اثر نہیں پڑتا جنہیں اب گریٹ نکوبار جزیرہ منصوبے کا بنیادی جواز قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور اس کے سنگین ماحولیاتی نتائج سے متعلق جو سنجیدہ اور جائز سوالات اٹھائے گئے ہیں، وہ آج بھی بے جواب اور حل طلب ہیں۔ آپ کے افسوسناک حد تک ٹال مٹول پر مبنی جوابات ان خدشات کو دور نہیں کرتے۔
جے رام رمیش نے اپنے خط میں یہ بھی کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آخر رپورٹس، مطالعات اور منصوبوں کو عوام سے پوشیدہ رکھنے کے لیے اتنی غیر معمولی سطح کی غیر شفافیت کیوں اختیار کی جا رہی ہے۔