جَنتر منتر پر احتجاج تو پورے شہر کو یرغمال کیوں بنایا جائے؟: ہائی کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
جَنتر منتر پر احتجاج تو پورے شہر کو یرغمال کیوں بنایا جائے؟: ہائی کورٹ
جَنتر منتر پر احتجاج تو پورے شہر کو یرغمال کیوں بنایا جائے؟: ہائی کورٹ

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو جَنتر منتر کو احتجاج اور دھرنوں کے لیے مخصوص مقام برقرار رکھنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخر دارالحکومت کے وسط میں ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے پورے شہر کو ’’یرغمال‘‘ کیوں بنایا جائے؟

سماعت کے دوران جسٹس امیت مہاجن نے کہا، ’’میرے خیال میں ایسی چیزیں شہر کے اندر نہیں ہونی چاہئیں۔ لیکن یہ حکومت کا فیصلہ ہے۔ بلاوجہ پورے شہر کو یرغمال کیوں بنایا جائے؟‘‘ عدالت ’آل انڈیا دلت کرسچن رائٹس پروٹیکشن کمیٹی‘ کی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں دہلی پولیس کو 10 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جَنتر منتر پر پُرامن احتجاج کی اجازت دینے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی گئی تھی۔

عرضی گزار کے سینئر وکیل نے کہا کہ دہلی پولیس نے 9 جولائی سے جَنتر منتر پر احتجاج کی اجازت کے لیے دی گئی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اس پر جسٹس مہاجن نے کہا، ’’ذاتی طور پر پوچھوں تو شہر کے اندر احتجاج کیوں ہونا چاہیے؟‘‘ عدالت نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا پولیس کا معاملہ ہے اور دہلی پولیس کو ہفتہ تک عرضی گزار کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔

جج نے واضح کیا کہ وہ احتجاج کی اجازت دینے یا نہ دینے کے بارے میں کوئی ہدایت جاری نہیں کر رہے ہیں، تاہم حکام کو اپنے فیصلے سے عرضی گزار کو آگاہ کرنا ہوگا۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) چیتن شرما نے عدالت کو بتایا کہ یوم آزادی قریب ہے اور متعلقہ علاقے میں امتناعی احکامات نافذ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی احتجاج کے لیے کسی متبادل مقام کے تعین کے معاملے پر غور کر رہی ہے۔ 3 اگست کو سپریم کورٹ نے ایک مفاد عامہ کی عرضی پر غور کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ دارالحکومت کے وسط میں واقع جَنتر منتر اب احتجاج کے لیے موزوں مقام نہیں رہا، کیونکہ اس سے مقامی باشندوں کو پریشانی ہوتی ہے اور ضروری خدمات متاثر ہوتی ہیں۔

عرضی گزار کے وکیل نے کہا کہ احتجاج میں تقریباً 75 افراد کے شامل ہونے کی توقع ہے اور دہلی پولیس چاہے تو 10 اگست کے لیے کوئی متبادل مقام بھی تجویز کر سکتی ہے۔ عدالت نے کہا، ’’دہلی پولیس درخواست پر فیصلہ کرے گی اور کل تک اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔‘‘ عرضی گزار درج فہرست ذات کے دائرے میں دلت عیسائیوں کو شامل کرنے کے اپنے دیرینہ مطالبے کو لے کر جَنتر منتر پر پُرامن احتجاج کی اجازت چاہتا ہے۔