دہلی-این سی آر میں کیوں نہیں رک رہی ہے بارش؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-09-2025
دہلی-این سی آر میں کیوں نہیں رک رہی ہے بارش؟
دہلی-این سی آر میں کیوں نہیں رک رہی ہے بارش؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ایسا لگتا ہے کہ اس بار مانسون دہلی سے جلدی رخصت ہونے کے موڈ میں نہیں ہے۔ پیر کو دہلی-این سی آر کے لیے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے جاری الرٹ درست ثابت ہوا اور دوپہر میں تیز بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں 15 سال کے بعد ایسی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ فی الحال بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی تو آئی ہے لیکن عام زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ دہلی کے علاوہ پڑوسی ریاستیں پنجاب اور ہریانہ بھی موسلا دھار بارش سے پریشان ہیں۔
دہلی اور اطراف میں یلو الرٹ
قومی دارالحکومت کے کچھ حصوں میں پیر کی دوپہر بارش ہوئی اور شہر میں گرج کے ساتھ بونداباندی اور درمیانی سے بھاری بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا۔ دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 23.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو عام اوسط سے 2.8 ڈگری کم ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 30 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے جبکہ صبح ساڑھے آٹھ بجے نمی 90 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے پانچ دن تک دہلی اور اس کے اطراف میں سرگرم مانسون کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ کے مطابق دارالحکومت اور اس کے قریبی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی سے درمیانی بارش کے سلسلے جاری رہیں گے۔ وہیں کچھ مقامات پر، خاص طور پر شام، رات اور صبح کے وقت بھاری بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اتوار کو دہلی میں موسم تقریباً خشک رہا اور صفدرجنگ، پالم، رِج، آیانگر یا زیادہ تر دیگر اسٹیشنوں پر بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔
۔15 سال بعد اتنی بارش
آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں اگست میں 399.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 15 برسوں میں اگست ماہ کی سب سے زیادہ بارش ہے۔ اس سے قبل دہلی میں 2010 میں 455.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی تھی۔ اس بار اگست کی بارش پچھلے سال یعنی 2024 کی 390.3 ملی میٹر بارش سے بھی زیادہ رہی۔ 2024 میں بارش صرف 17 دنوں میں ہوئی اور طویل مدتی اوسط سے 67 فیصد زیادہ رہی۔ اس سال اگست میں 14 دن بارش ہوئی اور مجموعی طور پر موسمی اوسط سے زیادہ بارش درج ہوئی۔
اس کے برعکس اگست 2023 میں صرف 91.8 ملی میٹر، 2022 میں 41.6 ملی میٹر اور 2021 میں 237 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ دہلی میں جون میں معمول سے تین گنا (243.3 ملی میٹر) اور جولائی میں تقریباً معمول کے مطابق (203.7 ملی میٹر) بارش ہوئی۔ جون سے اب تک 750 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ ہونے کے ساتھ ہی شہر اپنے موسمی مانسون کے اوسط کو پہلے ہی پار کر چکا ہے اور 774.4 ملی میٹر کی سالانہ اوسط بارش کے قریب پہنچ رہا ہے۔
ستمبر میں اور زیادہ بارش
آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ اس بار مانسون میں ستمبر سب سے زیادہ بارش والا مہینہ ہو سکتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 1 جون سے 31 اگست تک ہندوستان میں 743.1 ملی میٹر بارش ہوئی جو طویل مدتی اوسط 700.7 ملی میٹر سے تقریباً 6 فیصد زیادہ ہے۔ جون میں 180 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 9 فیصد زیادہ تھی، اور شمال مغربی و وسطی ہندوستان میں کافی زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔ جولائی میں 294.1 ملی میٹر بارش ہوئی، جو معمول سے 5 فیصد زیادہ رہی، جس میں وسطی ہندوستان میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔
اگست میں 268.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 5.2 فیصد زیادہ ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ستمبر میں اوسط بارش طویل مدتی اوسط 167.9 ملی میٹر کے مقابلے میں 109 فیصد تک رہنے کی امید ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ ستمبر میں شدید بارش کے سبب اتراکھنڈ میں لینڈ سلائیڈ اور اچانک سیلاب آ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی ہریانہ، دہلی اور شمالی راجستھان میں عام زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسرے حصوں میں بھی یہی حال
صرف دہلی ہی نہیں بلکہ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی بارش کا سلسلہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں میں شمال مغربی ہندوستان میں بھاری سے بہت بھاری بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق 1 ستمبر 2025 کو ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور مغربی اتر پردیش کے مختلف مقامات پر بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 3 سے 6 ستمبر کے درمیان کونکن و گوا، وسطی مہاراشٹر، گجرات ریجن اور ساحلی کرناٹک میں بھاری سے بہت بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی 4 اور 5 ستمبر کو گجرات کے مختلف حصوں میں انتہائی شدید بارش کا خدشہ ہے۔