نئی دہلی/ آواز دی وائس
اگر ہم آپ سے کہیں کہ آپ صرف 2 گھنٹے میں ممبئی سے احمد آباد پہنچ سکتے ہیں تو کیا آپ یقین کریں گے؟ اب تو آپ کو یقین کر لینا چاہیے۔ جاپان سے ہندوستان میں ’رفتار کا سوداگر‘ آنے والا ہے۔ ایک ایسی بلیٹ ٹرین جو ایک گھنٹے میں 320 کلومیٹر دوڑتی ہے۔
ان دونوں شہروں کے درمیان جاپان کی شنکانسن بلیٹ ٹرین چلانے کی منصوبہ بندی پرانی ہے لیکن اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی جاپان کے دورے پر ہیں اور وہاں یہ بلیٹ ٹرین ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اتنا ہی نہیں، وزیر اعظم مودی ان ایڈوانس ٹرینوں کو چلانے کے لیے جاپان میں تربیت حاصل کر رہے ہندوستانی ڈرائیوروں سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
اس سے پہلے ہندوستانی رلوے اور جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی نے چار سال تک اس بات کا مطالعہ کیا تھا کہ کیا اس بلیٹ ٹرین کو ہندوستان میں لایا جانا چاہیے۔ دو سال بعد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس میں جاپان نے نرم قرض کے ذریعے منصوبے کی 80 فیصد فنڈنگ دینے پر اتفاق کیا۔ اگرچہ اگلے کچھ برسوں میں تاخیر ہوئی، لیکن بعد میں تعمیراتی کام میں تیزی آئی۔ پہلا سیکشن گجرات میں 2027 تک کھلنے والا ہے اور پوری روٹ 2028 تک شروع ہونے کی امید ہے۔ دونوں شہروں کے درمیان 508 کلومیٹر کا فاصلہ ہے اور یہ ٹرین صرف 2 گھنٹے 7 منٹ میں یہ سفر مکمل کرے گی۔
مانا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور جاپان کے موجودہ وزیر اعظم شگیریو ایشیبا ہندوستان میں دیگر بلیٹ ٹرین منصوبوں کے امکانات پر بھی غور کر سکتے ہیں۔ 2009 میں پانچ دیگر ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں ایک پونے سے احمد آباد اور دوسرا دہلی سے امرتسر بذریعہ چندی گڑھ شامل تھا۔
بلیٹ ٹرین کیا ہوتی ہے؟
بلیٹ ٹرین یعنی رفتار کی نئی سطح۔ یہ دیگر ممالک میں چلنے والے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کے مشابہ ہے۔ ابتدا میں فرانس کے ساتھ ہندوستان نے اس منصوبے کے آغاز پر غور کیا تھا۔ اس وقت چین، جنوبی کوریا، ترکی، اسپین، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈ اور بیلجیم جیسے ممالک کے پاس یہ سہولت ہے۔ کوئی ٹرین اسی وقت ’بلیٹ ٹرین‘ کہلائے گی جب وہ کم از کم 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے اور اس کے لیے الگ پٹریاں ہوں۔
شنکانسن سیریز کی بلیٹ ٹرین
ہندوستان کی شروعاتی منصوبہ بندی تھی کہ ای5 شنکانسن سیریز کی ٹرین خریدی جائے۔ تاہم، جب منصوبے میں تاخیر ہوئی اور اس دوران جاپان میں ٹیکنالوجی میں ترقی ہوئی تو جاپان نے ہندوستان کو اگلی نسل کی ای10 سیریز کی بلیٹ ٹرین خریدنے کی پیشکش کی۔ اس کا ڈیزائن مشہور "ساکورا" یا چیری کے پھولوں سے متاثر ہے اور اس میں ایک بڑی اپ گریڈ شامل ہے — یہ ٹرین زلزلہ مزاحم ہے، یعنی زلزلہ آنے پر بھی اسے کچھ نہیں ہوگا۔
ای5 سیریز کے مقابلے میں اس میں کئی سہولتیں ہیں۔ ہندوستان کے لیے ان بلیٹ ٹرینوں میں خصوصی تبدیلیاں کی جائیں گی، جیسے زیادہ سامان رکھنے کی جگہ اور وہیل چیئر کے لیے خاص ونڈو سیٹیں۔
ایسٹ جاپان ریلوے کمپنی کی جانب سے ڈیزائن کی گئی ای10 کی زیادہ سے زیادہ رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو ای5 سیریز کے برابر ہے۔ تاہم ای10 کی ٹاپ اسپیڈ کو الیکٹرانک طور پر محدود کیا گیا ہے۔ اگر چاہا جائے تو اگلی نسل کی یہ ٹرین 360 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی دوڑ سکتی ہے۔