دہلی اتنی گرمی کیوں ہے؟ کب بدلے گا موسم؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-09-2025
دہلی اتنی گرمی کیوں ہے؟ کب بدلے گا موسم؟
دہلی اتنی گرمی کیوں ہے؟ کب بدلے گا موسم؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں پیر کی صبح غیر معمولی طور پر گرم رہی۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جو معمول سے 5 ڈگری زیادہ تھا۔ یہ پچھلے چھ سالوں میں ستمبر کی سب سے گرم صبح تھی۔ اس سے پہلے ستمبر میں سب سے زیادہ کم سے کم درجہ حرارت 12 ستمبر 2019 کو 29.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
راجدھانی  دن کے وقت بھی گرمی کا زور برقرار رہا۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.1 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ یہ اس موسم کے اوسط سے 3 ڈگری زیادہ تھا اور پچھلے دو سالوں میں ستمبر کا سب سے گرم دن تھا۔ حالانکہ اس ستمبر میں شمال مغربی ہندوستان میں 42 فیصد زیادہ بارش ہوئی لیکن جنوب مغربی مانسون 24 ستمبر کو دہلی سے واپس لوٹ گیا، جو 2002 کے بعد سب سے جلدی واپسی تھی۔ اس کے بعد سے گرمی اور بڑھ گئی۔ مانسون کی جلدی واپسی کے بعد غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے دن میں گرمی زیادہ رہی اور ہوا میں نمی بڑھنے کے سبب رات میں ٹھنڈک کم ہوئی۔
دن میں ہوا میں نمی 56 فیصد سے 76 فیصد کے درمیان رہی جس کی وجہ سے ہوا میں موجود نمی سطح کے قریب گرمی کو روکنے کے لیے ایک شیلڈ کی طرح کام کرتی رہی۔ مشرقی ہواؤں کے سبب نمی کی سطح بلند رہی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرقی ہوائیں چل رہی تھیں۔ ہوا کی سمت میں تبدیلی کے باعث شمالی ہندوستان میں کھیتوں میں جلائی جانے والی پرالی کے دھوئیں کو روکنے میں مدد ملی اور فضائی معیار میں بھی بہتری آئی۔
کیا اب دہلی کے درجہ حرارت میں کمی ہوگی؟
ہندوستانی ٹراپیکل موسمیات ادارہ کے مطابق، اس ہفتے فضائی معیار معمول پر رہنے کا امکان ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات کے مطابق، درجہ حرارت میں بھی کمی آنے کی امید ہے۔ آئی ایم ڈی نے پیر کو جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ منگل اور بدھ کو عام طور پر بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔ 5 اکتوبر تک بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی ہے، جس سے درجہ حرارت آہستہ آہستہ کم ہوگا۔ کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کی امید ہے۔