نئی دہلی
اگر آپ کے فون میں بھی اچانک کوئی الرٹ میسج پاپ اَپ ہوا اور ساتھ ہی سائرن کی آواز آنے لگی تو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ دراصل یہ پیغام حکومتِ ہند کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ یہ الرٹ سروس کی جانچ (ٹیسٹنگ) کے لیے تھا تاکہ کسی ہنگامی صورتحال یا آفت کے وقت اسے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔
میسج میں لکھا تھا کہ ہندوستان نے اپنے شہریوں کے لیے فوری آفات سے متعلق الرٹ سروس کے لیے مقامی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سیل براڈکاسٹ سروس شروع کی ہے۔ باخبر شہری، محفوظ ملک۔ اس پیغام کے بعد عوام کو کوئی کارروائی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ایک ٹیسٹ میسج ہے۔ حکومتِ ہند۔
یہ میسج کہاں سے بھیجا گیا؟
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مرکزی وزیر مواصلات جیوتیرادتیہ سندھیا کی موجودگی میں 2 مئی 2026 کو موبائل پر مبنی ڈیزاسٹر کمیونیکیشن سسٹم کا آغاز کیا۔ اس نظام کو محکمۂ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی)، وزارتِ مواصلات نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، حکومتِ ہند کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے، تاکہ شہریوں تک اہم معلومات بروقت پہنچائی جا سکیں۔
یہ ٹیسٹ الرٹ پیغام امت شاہ کی موجودگی میں بھیجا گیا۔ یہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ریلیف کمشنروں/سیکریٹریوں (آفات مینجمنٹ) اور ریاستی آفات ردعمل فورس، فائر سروسز، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز کے سربراہان کے سالانہ کانفرنس 2026 کے دوران کیا گیا۔
حکومت الرٹ میسج کی ٹیسٹنگ کیوں کرتی ہے؟
ہر ملک کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ آفات یا ہنگامی حالات میں شہریوں تک معلومات جلد از جلد پہنچائی جائیں۔ آج کے دور میں موبائل فون ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے سب سے تیزی سے لوگوں کو خبردار کیا جا سکتا ہے۔ اسی وجہ سے حکومتِ ہند نے اس موبائل پر مبنی ڈیزاسٹر کمیونیکیشن سسٹم کی جانچ کی ہے تاکہ مشکل وقت میں لوگوں کو بروقت الرٹ کیا جا سکے۔