نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) سے سوال کیا کہ ’سپریم کورٹ‘ میٹرو اسٹیشن کے ہندی سائن بورڈ پر دیوناگری رسم الخط میں ’سروچ نیایالیہ‘ کیوں نہیں لکھا جا سکتا۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس تیجس کاریا کی بنچ امیش شرما کی جانب سے دائر مفادِ عامہ کی عرضی پر سماعت کر رہی تھی۔
عرضی میں میٹرو اسٹیشن کے ہندی سائن بورڈ پر ’سروچ نیایالیہ‘ کے بجائے ’سپریم کورٹ‘ لکھے جانے پر اعتراض کیا گیا تھا۔ عرضی گزار نے اپنی دلیل کے حق میں بتایا کہ ’سینٹرل سیکریٹریٹ‘ میٹرو اسٹیشن کا ہندی نام ’کینڈریہ سیکریٹریالے‘ درج ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت کے وکیل کو مناسب ہدایات حاصل کرنے کو کہا۔
عرضی گزار نے کہا کہ سرکاری زبان ایکٹ اور اس کے قواعد کے مطابق، مرکزی حکومت کے دفاتر میں تمام ضابطے، سائن بورڈ اور نام پلیٹیں انگریزی اور ہندی دونوں میں ہونی چاہئیں اور ہندی کا استعمال دیوناگری رسم الخط میں ہونا چاہیے۔ عرضی گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت کی ویب سائٹ پر بھی ہندی نام ’بھارت کا سروچ نیایالیہ‘ درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ انتظامیہ نے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کو ایک خط بھیج کر میٹرو اسٹیشن کا نام ’سپریم کورٹ‘ درج کرنے کی تجویز دی تھی، جسے میٹرو حکام کے ایک پینل نے قبول کر لیا تھا۔ وکیل نے کہا، ترجمہ کرنے میں انہیں (میٹرو حکام کو) بہت سستی آتی ہے۔ وہ وزارتِ داخلہ جا سکتے ہیں۔ وہاں راج بھاشا محکمہ ہے۔ اگر انہیں کوئی مسئلہ ہے تو وہ ترجمہ کروا سکتے ہیں۔ وہ ہندی زبان کو مسخ کر رہے ہیں۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 19 فروری کو ہوگی۔