نئی دہلی: خوراک اور غیر خوراکی اشیا کی قیمتوں میں تیزی کے باعث جون 2026 میں تھوک مہنگائی (ہول سیل افراطِ زر) بڑھ کر 9.87 فیصد ہو گئی، جو مئی میں 9.68 فیصد تھی۔ تھوک قیمت اشاریہ (ڈبلیو پی آئی) کی بنیاد کے لیے 2022-23 کو بنیادی سال مقرر کیا گیا ہے۔
خوراک کی اشیا میں مہنگائی جون میں بڑھ کر 5.49 فیصد ہو گئی، جبکہ مئی میں یہ 3.60 فیصد تھی۔ غیر خوراکی اشیا میں تھوک مہنگائی 11.07 فیصد رہی، جبکہ معدنیات کے زمرے میں یہ 9.45 فیصد درج کی گئی۔ وزارتِ تجارت و صنعت نے منگل کو تھوک قیمت اشاریہ (ڈبلیو پی آئی) کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ جون 2026 کی تھوک مہنگائی پر معدنی تیل (جس میں پیٹرولیم مصنوعات شامل ہیں)، خوراکی اشیا، تیار شدہ بنیادی دھاتوں، اور تیار شدہ کیمیکلز و کیمیائی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نمایاں اثر رہا۔
وزارت کے مطابق، ایندھن اور بجلی کے زمرے میں جون کے دوران تھوک مہنگائی 27.41 فیصد رہی، جبکہ مئی میں یہ 30.33 فیصد تھی۔ تیار شدہ مصنوعات کے زمرے میں تھوک مہنگائی جون میں بھی مئی کی طرح 7.48 فیصد پر برقرار رہی۔