نئی دہلی/ آواز دی وائس
بھارتیہ جنتا پارٹی نے نائب صدر کے عہدے کے لیے سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ اس کے ایک دن بعد انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے اپنے امیدوار کو انتخاب میں اتارنے کے لیے میٹنگ کی۔ اپوزیشن نے چند ناموں پر اتفاق کر لیا ہے اور منگل کو آخری فیصلہ کیا جائے گا۔
کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر میٹنگ ہوئی۔ این سی پی (ایس پی) کے شرد پوار نے مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تُشار گاندھی کا نام تجویز کیا ہے۔ وہیں ڈی ایم کے نے سابق اسرو سائنس داں اور پدم شری سے نوازے گئے ایم انادورئی کا نام پیش کیا ہے۔ سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار بنائے جانے کے بعد ڈی ایم کے خود کو مشکل میں محسوس کر رہی ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ ریاست سے کسی اور لیڈر کو امیدوار بنایا جائے۔ این ڈی اے کے پاس رادھا کرشنن کو اس عہدے پر بٹھانے کے لیے مطلوبہ عددی طاقت موجود ہے، ڈی ایم کے کو خدشہ ہے کہ بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ان کے نائب صدر کے انتخاب کو انتخابی ایشو کے طور پر استعمال کر سکتی ہیں۔
تُشار یا انادورئی کے نام پر بنی اتفاق رائے
رپورٹ کے مطابق، ذرائع نے بتایا کہ ایک سابق جج سمیت کچھ اور ناموں پر بھی بات ہوئی، لیکن عمومی اتفاق رائے تُشار گاندھی یا انادورئی کے نام پر ہی ہے۔ ٹی ایم سی اپوزیشن امیدوار کے طور پر کسی غیر سیاسی شخصیت کو چاہتی تھی اور پارٹی ذرائع نے کہا کہ دونوں نام اسے منظور ہیں۔ انادورئی نے چندر یان-1، چندر یان-2 اور منگل آربیٹر مشن کے لیے کام کیا ہے۔ منگل کی دوپہر انڈیا بلاک کے رہنما ایک بار پھر نام کو حتمی شکل دینے کے لیے ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق، کھڑگے 9 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے امیدوار کے بارے میں آخری فیصلہ لیں گے۔
پچھلے نائب صدر کے انتخاب میں ٹی ایم سی نے یہ کہتے ہوئے ووٹنگ سے دوری بنا لی تھی کہ اپوزیشن نے اس سے مشورہ نہیں کیا۔ تاہم، اس بار کے انتخاب میں انڈیا اتحاد کی تمام پارٹیوں کی اتفاق رائے بنتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اگر تُشار گاندھی کو میدان میں اتارا جاتا ہے، تو وہ اس عہدے کے لیے نامزد ہونے والے مہاتما گاندھی کے دوسرے رشتہ دار ہوں گے۔ 2017 میں اپوزیشن نے این ڈی اے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو کے خلاف گاندھی کے پوتے راج موہن گاندھی کو امیدوار بنایا تھا۔