کون ہیں نیترا منٹینا؟ جن کی شادی کی تقریب میں ہالی ووڈ -بالی ووڈ ایک ساتھ نظر آیا
نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ کے صنعتکار راجو رام لنگا منٹینا کی بیٹی نیترا کی شادی ادے پور میں ہونے والی ہے۔ مہمانوں کی بات کریں تو امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ شادی میں شرکت کرنے کئی دن پہلے ہی ہندُستان پہنچ چکے ہیں۔ جمعہ کی رات سٹی پیلس کے زنانہ محل میں ’موزک نائٹ‘ میں دیسی و غیر ملکی فنکاروں کے شاندار پرفارمنس نے اس ہائی پروفائل تقریب کو روشنی اور رنگوں سے بھر دیا۔ ہالی ووڈ سے لے کر بالی ووڈ ستاروں سے سجی اس موسیقی کی محفل کو دیکھنے کے لیے ہر شخص بے تاب تھا، مگر اس کا موقع بہت کم لوگوں کو ملا۔
رنویر–نے سماں باندھ دیا
کرن جوہر اور صوفی چودھری نے جمعہ کی رات اس شاندار تقریب کی میزبانی کی۔ پروگرام میں موجود لوگوں کے مطابق، رنویر سنگھ نے اپنے جوشیلے انداز سے پورے مجمعے میں توانائی بھر دی اور ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر اور ان کی گرل فرینڈ بھی ان کے ساتھ ڈانس فلور پر آ گئے۔ کریتی سینن نے اپنے مشہور گانے ’پرَم سندری‘ پر پرفارم کیا، جبکہ جیکولین فرنانڈس نے ’لال چھڑی‘ پر ڈانس کیا۔ جاہنوی کپور کی پرفارمنس نے لوگوں کو دیوانہ بنا دیا۔ ویڈنگ مینجمنٹ فرم کے مطابق، ورون دھون اور شاہد کپور نے بھی موسیقی میں پرفارمنس دی۔
نیترا کی شادی 23 کو
مادھوری دکشِت جیسے بڑے ستارے بھی موسیقی کی تقریب میں شامل ہوئے۔ اس 'شاندار' شادی کی تیاریاں کرنے والے لوگوں کے مطابق تقریباً 600 مہمانوں میں اداکار ریتک روشن اور رنبیر کپور بھی شامل ہیں۔ شادی کی تقریبات 21 نومبر سے 24 نومبر تک چلیں گی۔ ہلدی کی رسم 22 نومبر کو ہوگی، اور اس کے بعد 23 نومبر کی صبح جگ مندر میں شادی کی تقریب منعقد ہوگی جبکہ اسی شام پرتِبھوج (ریسپشن) ہوگا۔ شادی کے مختلف پروگرام ادے پور سٹی پیلس کے مانک چوک، زنانہ محل، جگ مندر اور دی لیلا پیلس ہوٹل میں ہوں گے۔ ’دی لیلا پیلس‘ ہوٹل کو مہمانوں کے استقبال کے لیے شاندار سرخ تھیم پر سجایا گیا ہے۔
نیترا کون ہیں؟
نیترا منٹینا امریکہ کے دواسازی کے شعبے کے بڑے صنعتکار راجو رام لنگا منٹینا اور پدما منٹینا کی بیٹی ہیں۔ وہ وامسی گڈی راجو کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔ وامسی کا تعلق جنوبی ہندُستان سے ہے اور وہ کئی برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ شادی میں کئی بڑی شخصیات کی شرکت کے پیشِ نظر شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اس شادی میں شرکت کے لیے ہندُستان آئے ٹرمپ جونیئر نے جمعرات کو اتر پردیش کے آگرہ میں تاج محل اور گجرات کے جام نگر میں وائلڈ لائف کنزرویشن سینٹر ’ونتارا‘ کا بھی دورہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ موسیقی کی دنیا کا بڑا نام جینیفر لوپیز اور جنوبی افریقہ کے ڈی ج پروڈیوسر ’بلیک کافی‘ بھی اس شادی میں پرفارمنس دیں گے۔