کون ہیں عطاء اللہ بیگ؟ میٹا کے خلاف کروایا مقدمہ درج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-09-2025
کون ہیں عطاء اللہ بیگ؟ میٹا کے خلاف کروایا مقدمہ درج
کون ہیں عطاء اللہ بیگ؟ میٹا کے خلاف کروایا مقدمہ درج

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی نژاد کے سائبر سکیورٹی ماہر عطااللہ بیگ نے میٹا کے خلاف وفاقی مقدمہ دائر کیا ہے۔ عطااللہ 2021 سے 2025 تک واٹس ایپ کے سکیورٹی ہیڈ رہے۔ انہوں نے کیلیفورنیا کی نارتھ ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں الزام لگایا کہ ان کی جانب سے دی گئی ’’سسٹم میں بڑی سائبر سکیورٹی خامیوں‘‘ کی وارننگز کو نظرانداز کیا گیا۔ ساتھ ہی جب انہوں نے اس مسئلے کو مزید آگے بڑھایا تو انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
کون ہیں عطااللہ بیگ؟
عطااللہ بیگ دو دہائیوں سے زائد تجربہ رکھنے والے ہندوستانی نژاد سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ ہیں۔ انہوں نے این آئی ٹی وارنگل سے کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کیا اور بعد میں یونیورسٹی آف یوٹا سے کمپیوٹر سائنس میں پوسٹ گریجویشن مکمل کیا۔ واٹس ایپ میں سکیورٹی ہیڈ کے طور پر ان کی ذمہ داری صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنا تھا۔
ان کی قانونی ٹیم، جس میں وہسل بلوئر گروپ بھی شامل ہے، نے دعویٰ کیا کہ ان کی برطرفی کمپنی کے اندر پرائیویسی سے متعلق خدشات اٹھانے کی براہِ راست سزا تھی۔
بیگ نے کیا الزام لگایا؟
مقدمے کے مطابق ایک معمول کے سکیورٹی ٹیسٹ کے دوران بیگ نے دریافت کیا کہ تقریباً 1,500 واٹس ایپ انجینئرز کو صارفین کے ڈیٹا تک، جس میں حساس ذاتی معلومات بھی شامل ہیں، بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس رسائی کے ذریعے انجینئرز بغیر پکڑے گئے ڈیٹا منتقل کر سکتے تھے، تاہم ایسی کوئی تصدیق شدہ ڈیٹا چوری کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔
شکایت میں کہا گیا کہ یہ وفاقی قانون اور میٹا کے اُس پرائیویسی معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی ہے جو کمپنی نے 2020 میں امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے ساتھ کیا تھا۔
مزید الزام لگایا گیا ہے کہ بیگ کی جانب سے یہ انکشاف کرنے کے بعد انہیں ناقص کارکردگی کے ریویوز دیے گئے۔ بیگ نے اسے ڈیٹا سکیورٹی خدشات کے خلاف آواز بلند کرنے پر انتقامی مہم قرار دیا۔ انہوں نے انتقامی کارروائی اور تعمیل میں ناکامی کے خلاف امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن  اور اوکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن میں بھی شکایت درج کرائی۔
میٹا کا موقف کیا ہے؟
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ بدقسمتی سے یہ ایک عام رجحان ہے کہ جب کسی سابق ملازم کو خراب کارکردگی کی بنیاد پر نکالا جاتا ہے تو وہ ہماری ٹیم کی سخت محنت کو غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے گمراہ کن دعوے عام کر دیتا ہے۔ سکیورٹی ایک چیلنجنگ فیلڈ ہے اور ہمیں لوگوں کی پرائیویسی کے تحفظ میں اپنے مضبوط ریکارڈ پر فخر ہے۔