چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کی گرفتاری کے بعد پاکستان سے جڑے جاسوسی نیٹ ورک کی پرتیں کھلنے لگی ہیں۔ حصار پولیس اور مرکزی خفیہ ایجنسیوں نے چار پاکستانی خفیہ ایجنٹوں کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے جو جیوتی کے ساتھ براہِ راست رابطے میں تھے۔ ذرائع کے مطابق، ان ایجنٹوں کے ساتھ جیوتی کی بات چیت ون ٹو ون (ایک سے ایک) تھی، اور پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ ایجنٹ پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) یا پاکستانی فوج میں کس رینک کے افسران ہیں۔
جیوتی کو معلوم تھا کہ وہ کس سے رابطے میں ہے۔۔۔
اس سے پہلے جیوتی ملہوترا کو 16 مئی 2025 کو حصار پولیس نے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ان کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے برآمد ہونے والے 12 ٹی بی ڈیٹا کی جانچ میں کئی چونکا دینے والے شواہد سامنے آئے ہیں۔ اس ڈیٹا سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ جیوتی کو مکمل طور پر معلوم تھا کہ وہ آئی ایس آئی کے لوگوں سے بات کر رہی ہے، اس کے باوجود وہ بلاخوف ان سے رابطے میں رہی۔ ان شواہد کی بنیاد پر پولیس جیوتی کے خلاف آفیشل سیکریٹس ایکٹ اور ہندوستانی فوجداری قانون کی دیگر دفعات کے ساتھ کچھ مزید دفعات شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
پاکستان میں جیوتی کو کیسے ملا وی آئی پی سلوک؟
اب تک کے شواہد کی بنیاد پر پولیس اس کیس میں کچھ مزید دفعات شامل کر سکتی ہے۔ جیوتی کے بینک اکاؤنٹس اور مالی لین دین کی جانچ کے لیے ہریانہ پولیس دیگر مرکزی ایجنسیوں کی مدد لے سکتی ہے۔ اب تک کی تفتیش میں جن پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے نام سامنے آئے ہیں ان میں دانش، احسان علی اور شاہد شامل ہیں۔ اس بات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آخر جیوتی کو پاکستان میں جو وی آئی پی سلوک ملا اور لاہور کے انارکلی بازار میں اے کے 47 سے لیس سیکیورٹی اہلکار جو اس کے ارد گرد تعینات تھے، وہ کس کے اشارے پر یہ سیکیورٹی فراہم کر رہے تھے۔