نئی دہلی: کانگریس نے اپنے لوک سبھا اراکین کے لیے وہپ جاری کرتے ہوئے انہیں اگلے تین دنوں تک ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی نے اپنے لوک سبھا اراکین سے کہا ہے کہ وہ بدھ، جمعرات اور جمعہ کو لازماً ایوان میں حاضر رہیں۔
کانگریس نے یہ وہپ ایسے وقت میں جاری کیا ہے جب یہ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کے موجودہ سرمائی اجلاس کے آخری ہفتے میں دو اہم بل— ’بھارت کی تبدیلی کے لیے جوہری توانائی کے پائیدار استعمال اور فروغ (امن) بل، 2025‘ اور ’وکست بھارت–جی رام جی بل، 2025‘ کو بحث اور منظوری کے لیے لوک سبھا میں پیش کر سکتی ہے۔ جوہری توانائی سے متعلق بل میں جوہری توانائی کے شعبے میں نجی شراکت داری کی اجازت دینے کی دفعات شامل ہیں۔
حکومت نے منگل کے روز ’وکست بھارت–جی رام جی بل، 2025‘ لوک سبھا میں پیش کیا، جو مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی قانون (منریگا) کی جگہ لانے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کا موجودہ سرمائی اجلاس 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہونے والا ہے۔