جب ہائیڈروجن بم آئے گا تو سب صاف ہو جائے گا:راہل گاندھی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
جب ہائیڈروجن بم آئے گا تو سب صاف ہو جائے گا:راہل گاندھی
جب ہائیڈروجن بم آئے گا تو سب صاف ہو جائے گا:راہل گاندھی

 



رائے بریلی:کانگریس کے رہنما راہل گاندھی دو روزہ دورے پر اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی میں ہیں۔ جمعرات کو "دشا" کی میٹنگ میں شرکت کے بعد جب وہ باہر نکلے تو میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ بہت بے چین ہیں۔ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب ہائیڈروجن بم آئے گا تو سب صاف ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری کرکے حکومتیں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر، ہریانہ اور کرناٹک کے انتخابات میں ووٹ چوری ہوئی ہے۔ ہم نے اس کے بلیک اینڈ وائٹ ثبوت دیے ہیں۔ انتظار کیجیے، بہت جلد ووٹ چوری کے اور انکشافات سامنے آنے والے ہیں۔ بی جے پی والے پریشان نہ ہوں، ووٹ چوری کا ہائیڈروجن بم آنے والا ہے، سب کچھ صاف ہو جائے گا۔

بدھ کی شام راہل گاندھی اونچاہار پہنچے۔ وہاں انہوں نے بوتھ صدور سے ملاقات کر کے لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت سے جتانے پر شکریہ ادا کیا۔ اس دوران ان کے نشانے پر الیکشن کمیشن رہا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ووٹ چوری کر کے جیتی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن نے ملک میں ایک کروڑ جعلی ووٹ بڑھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی طاقت پر ہی کانگریس آگے بڑھ رہی ہے۔

آپ سب کی بدولت ہم تبدیلی لائیں گے۔ ایک ریسٹورنٹ میں منعقدہ پروگرام میں راہل گاندھی کے پہنچتے ہی کانگریس عہدیداروں اور پردیش سکریٹری اتل سنگھ نے پھولوں کا گلدستہ دے کر استقبال کیا۔ اسٹیج پر پہنچتے ہی سابق ایم ایل اے اجے پال سنگھ نے انہیں آئین کی کتاب پیش کی۔ راہل گاندھی نے اپنے "ووٹ چور گدی چھوڑ مشن" پر کارکنوں میں جوش بھرا اور نعرے لگوائے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور کرناٹک اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے بی جے پی کی ووٹ چوری پکڑی گئی ہے، اسی لیے بی جے پی پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں آئین خطرے میں ہے اور ہمارے حقوق کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پروگرام کے بعد راہل گاندھی این ٹی پی سی پروجیکٹ کے وی آئی پی گیسٹ ہاؤس پہنچے، جہاں وہ رات گزاریں گے۔