ملک بھر میں کیسا رہے گا موسم؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-01-2026
ملک بھر میں کیسا رہے گا موسم؟
ملک بھر میں کیسا رہے گا موسم؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دارالحکومت دہلی میں کڑاکے کی سردی اور گھنے کوہرے کی کیفیت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات ہند  نے 7 اور 8 جنوری کے لیے دہلی میں شدید سردی اور گھنے کوہرے کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ شمال مغربی سمت سے چلنے والی تیز ہوائیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 7 اور 8 جنوری کے دوران دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 15 سے 17 ڈگری اور کم سے کم درجۂ حرارت 5 سے 7 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔
دوپہر کے وقت ہواؤں کی رفتار 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں یہ 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ منگل کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے 1.3 ڈگری کم یعنی 18 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 7.6 ڈگری رہا۔
دہلی اور شمالی ریاستوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ
پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری ہو رہی ہے اور ٹھنڈی ہوائیں تیزی سے میدانی علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس کے باعث میدانی علاقوں میں شدید سردی کا دور شروع ہونے والا ہے۔ آئی ایم ڈی نے آئندہ تین سے چار دنوں کے دوران گھنے کوہرے اور سرد لہر کے سبب شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت میں دو سے تین ڈگری کی کمی کے ساتھ یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر ریاستوں میں 9 اور 10 جنوری تک درجۂ حرارت میں مسلسل دو سے تین ڈگری کی کمی آئے گی۔ دن کے وقت ہلکی دھوپ نظر آئے گی، تاہم صبح اور شام کے اوقات میں درجۂ حرارت تیزی سے گرے گا۔ خاص طور پر پنجاب، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، بہار، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے بیشتر علاقوں میں سرد لہر چلنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے اس کی وجہ ہمالیائی علاقوں میں فعال مغربی خلل (ویسٹرن ڈسٹربنس) کو بتایا ہے، جس کا اثر اگرچہ پہاڑی علاقوں تک محدود رہے گا، جہاں برف باری اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کے امکانات ہیں، لیکن اس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
پنجاب-ہریانہ میں گھنے کوہرے کا امکان
پہلے ہی سرد لہر اور کوہرے کی مار جھیل رہے پنجاب اور ہریانہ میں 9 جنوری تک سرد لہر اور گھنے کوہرے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ منگل کو ہریانہ کے نارناؤل میں کم سے کم درجۂ حرارت سب سے کم 4.5 ڈگری درج کیا گیا۔ پنجاب کا بھٹنڈہ سب سے سرد علاقہ رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت 4.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چندی گڑھ میں یہ 7.7 ڈگری رہا۔ اتر پردیش کے مغربی علاقوں میں بھی خشک ہواؤں کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔
مشرقی اتر پردیش اور گنگا کے میدانی علاقے
جہاں مغربی علاقوں میں گھنے کوہرے سے کچھ راحت ملتی دکھائی دے رہی ہے، وہیں مشرقی اتر پردیش کے بیشتر علاقوں میں ’کولڈ ڈے‘ کی کیفیت کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی گنگا کے میدانی علاقوں میں کوہرا انتہائی گھنا ہو سکتا ہے۔ ادھر کشمیر کے بلند مقامات پر برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق منگل کو گلمرگ سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے 8.6 ڈگری نیچے درج کیا گیا۔
کشمیر میں برف باری
مغربی خلل کے باعث پیر کی رات مغل روڈ اور گاندربل کے بالائی علاقوں سمیت کشمیر کے بلند مقامات پر برف باری ہوئی، جس سے کم سے کم درجۂ حرارت میں کمی درج کی گئی۔ سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے چار ڈگری نیچے رہا، پہلگام میں پارہ صفر سے 6.8 ڈگری، قاضی گنڈ میں صفر سے تین ڈگری، کوکرناگ میں صفر سے دو ڈگری اور کپواڑہ میں صفر سے 3.1 ڈگری نیچے درج کیا گیا۔ وادی میں اس وقت ’چِلّاے کلاں‘ کا دور جاری ہے۔
راجستھان میں سرد لہر کا اثر
راجستھان میں بھی شدید سردی کے باعث ریاست کے کئی علاقے سرد لہر کی زد میں ہیں، جس کے پیش نظر جے پور سمیت متعدد اضلاع میں اسکولوں میں تعطیلات کر دی گئی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے آئندہ تین سے چار دنوں میں درجۂ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں مسلسل سرد لہر اور کولڈ ڈے کی کیفیت درج کی جا رہی ہے۔ کم سے کم درجۂ حرارت ڈونگرپور میں 3.0 ڈگری سیلسیس، سیروہی میں 4.1 ڈگری، ماؤنٹ ابو میں 4.4 ڈگری، پالی میں 4.7 ڈگری، گنگانگر میں 5.1 ڈگری، فتح پور میں 6.7 ڈگری اور جے پور میں 6.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جے پور میں اس موسم میں پہلی بار گھنا کوہرا دیکھا گیا۔ انتظامیہ نے سرد لہر کے تسلسل کے پیش نظر جے پور، گنگانگر، ہنومان گڑھ اور سیکر سمیت درجن سے زائد اضلاع میں خصوصاً ابتدائی جماعتوں کے لیے سرمائی تعطیلات کی مدت میں اضافہ کر دیا ہے۔
ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کا موسم
ہماچل پردیش کے تابو میں منگل کو کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے 10.8 ڈگری نیچے درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش کے اُونا، بلاسپور، ہمیرپور، کانگڑا، منڈی، سولن، سرمور سمیت کئی اضلاع میں 10 جنوری تک سرد لہر اور گھنے کوہرے کے امکان کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اتراکھنڈ کا مکتیشور منگل کو سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت 0.5 ڈگری درج ہوا، جبکہ نئی ٹہری میں یہ 2.0 ڈگری رہا۔ آئی ایم ڈی نے ہریدوار اور ادھم سنگھ نگر کے لیے کولڈ ڈے کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ پوڑی گڑھوال، چمولی، باگیشور، رودر پریاگ، پتھورا گڑھ اور چمپاوَت میں سردی کے بڑھنے کے ساتھ گھنے کوہرے کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔