ملک بھر میں موسم كا حال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ملک بھر میں موسم كا حال
ملک بھر میں موسم كا حال

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
ہماچل پردیش سمیت ملک کے کئی حصوں میں ان دنوں موسلادھار بارش نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ہماچل کے اُونا، کُلّو اور منڈی اضلاع میں حالات زیادہ بگڑ گئے ہیں، جہاں بارش سے عام زندگی مفلوج ہو گئی ہے اور اسکول و کالج بند کرنے پڑے ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے یہاں 23 اگست کو یلو الرٹ اور 24 سے 26 اگست تک اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
 پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ  اور اچانک پانی کے ریلے کے خطرے سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ وہیں، اتراکھنڈ میں بھی حالات کچھ ایسے ہی ہیں۔ اُترکاشی، رودرپریاگ اور چمولی جیسے اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ کئی جگہوں پر نالے اُبل پڑے ہیں، گھروں میں پانی گھس گیا ہے اور لوگ محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف، ممبئی مسلسل تیسرے دن بھاری بارش سے جُھج رہا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر پانی بھرنے سے اسکول، کالج اور کئی سرکاری دفاتر بند کرنے پڑے۔ لوکل ٹرینیں منسوخ ہوئیں اور سینکڑوں پروازوں پر اثر پڑا۔ منگل کو ایک مونو ریل پٹری پر پھنس گئی، جس میں موجود سینکڑوں مسافروں کو کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ریسکیو کیا گیا۔
اتر پردیش کے فرخ آباد اور کانپور میں گنگا ندی خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے اور کئی گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ گجرات کے سوراشٹر علاقے میں بھی گاؤں میں پانی گھس گیا ہے اور فصلیں برباد ہو رہی ہیں۔ ایسے میں محکمۂ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے بچیں اور محتاط رہیں، کیونکہ آنے والے دنوں میں بارش کا قہر اور بڑھ سکتا ہے۔