نئی دہلی/ آواز دی وائس
گزشتہ چند دنوں سے مانسون نے ایک بار پھر پورے ہندوستان میں اپنی سرگرمی تیز کر دی ہے۔ ملک کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش نے لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں بادل پھٹنے سے تباہی کے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں، تو وہیں میدانی علاقوں میں سیلاب نے اپنا قہر ڈھایا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں محکمۂ موسمیات نے آج پھر کچھ ریاستوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
۔19 اگست کو محکمۂ موسمیات نے گجرات، مہاراشٹر، کرناٹک اور گوا میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ان ریاستوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش کے ساتھ ساتھ گرج چمک، آسمانی بجلی اور کڑک کے امکانات ہیں۔
خاص طور پر کونکن ساحل پر تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ چند دنوں سے ممبئی میں سیلاب جیسی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ اندهیری سب وے، کرلا اور لوکھنڈوالا میں پانی بھرنے کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ اسی طرح ریل کی پٹریوں پر پانی جمع ہونے سے لوکل ٹرینوں کی رفتار بھی سست پڑ گئی ہے۔
تاہم، ممبئی کو فی الحال بارش سے کسی بھی قسم کی راحت ملنے کے امکانات نہیں ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے آج لگاتار چوتھے دن ممبئی میں تیز بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
ہماچل اور اتراکھنڈ میں یلو الرٹ
پہاڑی ریاستوں کی بات کریں تو محکمۂ موسمیات نے ہماچل پردیش کے اُونا، بلاسپور، ہمیرپور، چمبا، کانگڑا، کُلو اور منڈی سمیت کئی اضلاع میں 22 اگست تک بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں، اتراکھنڈ کے اُتّرکاشی، رودرپرایاگ، چمولی، باگیشور، پِتھوراگڑھ، دہرادون اور نینی تال میں بھی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دہلی این سی آر میں بڑھے گی اُمس
محکمۂ موسمیات نے 21 اگست تک دہلی این سی آر کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس سے اُمس بھری گرمی میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاہم، 22 اگست سے دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں موسم کروٹ لے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، 22، 23 اور 24 اگست کو دہلی میں موسلا دھار بارش کے ساتھ آندھی اور طوفان آنے کی امید ہے۔
اتر پردیش اور بہار میں گرمی کا قہر
اتر پردیش میں 21 اگست تک تیز دھوپ اور اُمس بھری گرمی رہنے کے آثار ہیں۔ اس دوران درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم، مغربی یوپی کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، 21 اگست کے بعد یوپی میں موسم مہربان ہوگا اور کئی اضلاع میں بھاری بارش متوقع ہے۔
بہار میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کے امکانات ہیں، تاہم اس کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور اُمس میں بھی شدت آنے کے آثار ہیں۔
مدھیہ پردیش کے 14 اضلاع میں الرٹ
محکمۂ موسمیات نے مدھیہ پردیش کے 14 اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس فہرست میں دیواس، ہر دا، کھنڈوا، برہانپور، بھوپال، اندور، جبل پور اور نرمدا پورم سمیت آس پاس کے اضلاع شامل ہیں۔