ترون نندی / کولکاتا
مغربی بنگال کے باسی رہٹ سب ڈویژن کے سواروپ نگر علاقے کے باشندے بنگلہ دیش سے ہونے والی دراندازی اور اسمگلروں کی مسلسل آمد سے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے نہ صرف ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں سے سب سے زیادہ دراندازی ہوتی ہے بلکہ حکومت سے وہاں خاردار تار لگانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
جب پولیس سپرنٹنڈنٹ الکنندا بھاول اور ایڈیشنل ایس پی کی قیادت میں افسران کی ایک ٹیم سرحدی علاقے کا دورہ کرنے پہنچی تاکہ مجوزہ باڑ بندی کا جائزہ لیا جا سکے تو دیہاتیوں نے ترالی۔ نتیانند کاتھی اور دیگر ان مقامات کی نشاندہی کی جہاں سب سے زیادہ دراندازی ہوتی ہے۔
کولکاتا میں بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے بھارت بنگلہ دیش سرحد پر باڑ بندی کو ترجیحی منصوبہ قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوابنّا میں نئی کابینہ کی پہلی میٹنگ میں اعلان کیا تھا کہ بھارت بنگلہ دیش سرحد پر خاردار تار لگانے کے لیے درکار زمین آئندہ 45 دنوں کے اندر بی ایس ایف کے حوالے کر دی جائے گی۔
اس سے قبل ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس حکومت نے بارڈر پر باڑ لگانے کے لیے بی ایس ایف کو زمین دینے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ معاملہ انتخابات میں ایک اہم مسئلہ بن گیا تھا۔
جلد ہی ایس پی الکنندا بھاول اور ایڈیشنل ایس پی پارتھ دیگر افسران کے ساتھ سرحدی دیہات پہنچے اور باسی رہٹ کے ان “غیر محفوظ” مقامات کو نشان زد کیا۔ اس دوران انہوں نے سرحدی سلامتی کے معاملات پر بی ایس ایف حکام کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔
دیہاتیوں نے سرکاری ٹیموں کو بتایا کہ وہ قومی سلامتی کے لیے اپنی زرخیز زمین دینے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی سے زیادہ اہم اور فوری کوئی چیز نہیں اور وہ اس مقصد کے لیے اپنی زرعی زمین قربان کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
دیہاتیوں نے دراندازوں اور اسمگلروں کو روکنے کے لیے باڑ کی تعمیر کی خاطر اپنی زمین حکومت کے حوالے کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے حکام سے کہا کہ وہ محفوظ اور پُرامن سرحد چاہتے ہیں۔
باسی رہٹ پولیس ضلع کے تحت سواروپ نگر کے حکیم پور سے لے کر ہنگل گنج کے شمشیر نگر نمبر 4 تک کل 96 کلومیٹر سرحدی علاقے میں خاردار تار لگائی جانی ہے۔
اس وسیع علاقے کا جغرافیہ انتہائی پیچیدہ ہے۔ اس میں تقریباً 50 کلومیٹر آبی سرحد اور 46 کلومیٹر زمینی سرحد شامل ہے۔ 46 کلومیٹر زمینی سرحد میں سے تقریباً 20 کلومیٹر حصہ باڑ نہ ہونے کے سبب غیر محفوظ ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ کے مطابق بنگلہ دیش کے ساتھ بھارت کی 2216.7 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد میں سے تقریباً 569 کلومیٹر حصہ اب بھی بغیر باڑ کے ہے اور دراندازی کے لیے حساس مانا جاتا ہے۔
ان میں سے 112.78 کلومیٹر علاقے میں جغرافیائی دشواریوں کی وجہ سے باڑ لگانا ممکن نہیں جبکہ باقی 456.22 کلومیٹر علاقے میں باڑ لگائی جا سکتی ہے۔ زمین کے حصول اور جغرافیائی رکاوٹوں کے باعث خاردار تار نصب کرنے کا عمل طویل عرصے سے رکا ہوا تھا۔
تاہم نئے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے زمین کی منتقلی کے عمل کے لیے وقت مقرر کر دیا ہے۔ انتظامی ذرائع کے مطابق جن سرحدی علاقوں میں خاردار تار موجود نہیں وہاں تیزی سے نشاندہی اور دستاویزی کارروائی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق تمام قانونی کارروائیاں 45 دن کے اندر مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پانی رت یا ساتکشیرا سرحد سے ملحق علاقوں میں وہ بھارتی کسان بھی حکومت کی اس کوشش کا خیر مقدم کر رہے ہیں جن کی زمینیں خاردار تار کے پار واقع ہیں۔ کئی کسانوں نے اپنی دو یا تین فصلوں والی زمین قربان کرتے ہوئے کہا کہ “ملک کی سلامتی پہلے ہے اور زراعت بعد میں۔”
سرحدی باشندوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خاردار تار لگائے جانے کے بعد مویشیوں کی اسمگلنگ اور دراندازی مکمل طور پر رک جائے گی اور وہ رات کو سکون سے سو سکیں گے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو سلامتی اور امن کے لیے جلد از جلد زمین حاصل کر کے باڑ کی تعمیر مکمل کرنی چاہیے۔
شمالی بنگال کے دوارس سے لے کر جنوبی بنگال کے سندربن تک پھیلی اس طویل سرحد کی حفاظت قومی سلامتی کا ایک اہم حصہ ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ پولیس انتظامیہ اور بی ایس ایف کی کوششوں سے سرحدی باڑ بندی کا دیرینہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔