بنگال: گورنر کی جگہ وزیراعلیٰ ریاستی یونیورسٹیوں کے ہوں گے چانسلر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-05-2022
 بنگال: گورنر کی جگہ وزیراعلیٰ ریاستی یونیورسٹیوں کے ہوں گے چانسلر
بنگال: گورنر کی جگہ وزیراعلیٰ ریاستی یونیورسٹیوں کے ہوں گے چانسلر

 

 

آواز دی وائس، کولکاتہ

مغربی بنگال کی تمام ریاستی یونیورسٹیوں میں اب ریاست کے وزیر اعلیٰ چانسلرہوں گے نہ کہ گورنر۔اس پر عمل درآمد کے لیے حکومت جلد ہی ایک بل پیش کرے گی۔ ریاست  مغربی بنگال کے وزیر تعلیم برتیا باسو نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی کابینہ نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ مغربی بنگال میں ریاستی حکومت کے تحت 36 یونیورسٹیاں کام کر رہی ہیں۔ جب کہ 12 پرائیویٹ یونیورسٹیاں ہیں۔ باسو نے کہا کہ جمعرات کو ریاستی کابینہ نے گورنر کی جگہ وزیر اعلیٰ کو تمام ریاستی یونیورسٹیوں کا چانسلر مقرر کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔

اس تجویز کو جلد ہی اسمبلی میں بل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اس وقت گورنر تمام یونیورسٹیوں کے چانسلر ہیں۔ کچھ دن پہلے بنگال میں یونیورسٹیوں میں وائس چانسلروں کی تقرری پر رسہ کشی کی خبریں آئی تھیں۔

حال ہی میں گورنر جگدیپ دھنکھر پر بھی ریاستی حکومت کی رضامندی کے بغیر کئی وائس چانسلروں کی تقرری کا الزام لگایا گیا تھا، جس کے بعد گورنر کے اختیارات کو کم کرنے کے لیے یہ بڑی مشق ہوئی ہے۔

گزشتہ ماہ تمل ناڈو نے ریاستی حکومت کو یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کا اختیار دینے والا بل منظور کیا۔ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کی حکومت نے کہا تھا کہ وائس چانسلر کی تقرری میں گورنر کی نااہلی سے اعلیٰ تعلیم متاثر ہوئی ہے۔