نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کو دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں مغربی ایشیا کی صورتحال پر جو بیان دیا، اس میں کچھ نیا نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مغربی ایشیا کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔
پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں صحافیوں سے کہا، وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کو بتایا ہے کہ ابھی حالات کیا ہیں۔ اس میں کچھ نیا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، ایسے میں ہم نے بحث کے لیے جو نوٹس دیا ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہیے تاکہ سب کے موقف سامنے آ سکیں۔
وزیر اعظم مودی نے پیر کو کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع سے پیدا ہونے والے غیر متوقع بحران کے اثرات طویل عرصے تک رہیں گے، اور اس سے نمٹنے کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے، اور شہریوں کو بھی وہی تیاری کرنی ہوگی جیسا کہ سب نے یکجہتی کے ساتھ کووڈ-19 وبا کا سامنا کیا تھا۔
مودی نے لوک سبھا میں مغربی ایشیا میں جاری جنگ اور اس سے بھارت کے سامنے آنے والے چیلنجز پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا حل صرف سفارتکاری اور بات چیت سے ممکن ہے، اور بھارت کشیدگی کم کرنے اور تنازع ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔