نئی دہلی: ہندوستان کے گرینڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد نے معزز سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت متنازع وقف ترمیمی بل پر جزوی حکمِ امتناع جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسے ’’ان تمام شہریوں کے لیے ایک واقعی امید افزا پیش رفت قرار دیا جو ہمارے ملک کے جمہوری ڈھانچے پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘
اپنے بیان میں گرینڈ مفتی نے کہا’’سپریم کورٹ کی مداخلت ایک بڑا سکون بخش لمحہ ہے۔ مجوزہ بل میں ایسی دفعات شامل تھیں جو وقف اداروں کی مقدس خودمختاری، ان کے کردار اور شفافانہ عمل داری کو شدید خطرے میں ڈال رہی تھیں۔ یہ ادارے صدیوں سے ہماری برادریوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ عدالت نے ان اہم شقوں کو منجمد کر کے ہمارے آئینی حقوق اور جمہوری اصولوں کے تحفظ کو ایک بڑی تقویت بخشی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید آئینی مضمرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ’’وقف کے امور میں کسی بھی قانون سازی کی حد سے زیادہ مداخلت براہِ راست اس مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے جو ہر شہری کو ہمارے آئین کے تحت حاصل ہے۔ یہ محض انتظامی قانون کا معاملہ نہیں تھا بلکہ اس نے رواداری اور شہری حقوق کی ان بنیادی قدروں کو نشانہ بنایا جن پر ہمارا عظیم ملک قائم ہے۔ یہ ہمارے اس تکثیری مزاج کو چیلنج کرتا تھا جسے ہم سب عزیز رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا ’’عدلیہ کی فیصلہ کن کارروائی نے نئے اعتماد کو جنم دیا ہے اور ہماری جمہوری اداروں پر بھروسے کو بحال کیا ہے۔ یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ قانون کی حکمرانی اور اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں۔‘گرینڈ مفتی نے اپنے بیان کا اختتام سکون و تعمیراتی مکالمے کی اپیل پر کیا کہ ’اب ضروری ہے کہ سبھی اس مسئلے پر پُرامن، بالغ نظری اور جمہوری انداز میں مشغول رہیں۔ ہمیں عدالتی عمل پر بھروسہ رکھنا چاہیے اور اپنے حقوق کے لیے آئینی ذرائع سے ہی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ میں تمام برادری کے اراکین اور قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دانش مندی اور تحمل کے ساتھ اس معاملے کے آگے بڑھنے کا انتظار کریں۔‘‘