نئی دہلی
ملک بھر میں ایک بار پھر موسم بدلنے والا ہے اور کئی ریاستوں میں بارش، آندھی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ دیکھنے کو ملے گا۔ پہاڑی علاقوں سے لے کر میدانی خطوں تک مختلف دنوں میں موسم سرگرم رہے گا، جس سے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔
دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 27 مارچ کو بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد 29 سے 30 مارچ کے درمیان دوبارہ موسم سرگرم ہوگا۔ راجستھان میں بھی 28 سے 30 مارچ کے دوران مغربی ہوا کے اثر سے آندھی اور بارش متوقع ہے۔ مجموعی طور پر آئندہ دنوں میں ملک کے کئی حصوں میں موسم کا مزاج بدلا رہے گا۔
جموں و کشمیر، لداخ، گلگت-بلتستان اور مظفرآباد میں 26 اور 28 مارچ کو جبکہ ہماچل پردیش میں 28 مارچ اور اتراکھنڈ میں 27 مارچ کو ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
میدانی علاقوں کی بات کریں تو پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش اور راجستھان میں بھی مختلف دنوں میں بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 26 سے 28 مارچ کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
۔29 مارچ سے موسم کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا جو 31 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں وسیع پیمانے پر بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کچھ مقامات پر ہوا کی رفتار 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے موسم مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی موسم بدلا ہوا نظر آئے گا۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مغربی بنگال، بہار اور جھارکھنڈ میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور بعض جگہوں پر ژالہ باری (اولے) کا امکان ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔