کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز مرکز کے وقف ترمیمی ایکٹ پر اپنی حکومت کے مؤقف کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون بی جے پی نے بنایا تھا اور ان کی حکومت ریاست میں وقف جائیدادوں کو کسی کو بھی چھونے کی اجازت نہیں دے گی۔ کئی مہینوں تک بنگال حکومت اس ترمیم شدہ ایکٹ کو نافذ کرنے سے انکار کرتی رہی، تاہم اب اس نے اسے قبول کر لیا ہے۔ ریاست نے پانچ دسمبر کی ڈیڈ لائن تک 82 ہزار وقف جائیدادوں کی تفصیلات سینٹرل پورٹل پر اپلوڈ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس فیصلے پر کئی اقلیتی گروہوں اور تنظیموں نے تنقید کی ہے۔
کچھ لوگ مذہب کی بنیاد پر لڑ رہے ہیں :ممتا
مالدہ ضلع کے گاجول میں خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے ان تنقیدوں کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مذہب کی بنیاد پر لڑ رہے ہیں۔ وقف جائیداد قانون بی جے پی نے بنایا ہے۔ ہم نے اسمبلی میں اس کی مخالفت کی اور سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا، جو ابھی بھی زیرِ سماعت ہے۔ جب تک ہم یہاں ہیں، ہم کسی کو بھی مذہبی مقامات کو چھونے نہیں دیں گے۔ چاہے کوئی بھی ہو، میں کسی کو بھی مذہبی مقامات کو ہاتھ نہیں لگانے دوں گی۔ میں فرقہ واریت کی سیاست نہیں کرتی۔ مجھے تمام مذاہب سے پیار ہے۔ منگل کو ٹی ایم سی وزیر اور جمعیت علمائے ہند (بنگال) کے صدر صدیق اللہ چودھری نے کہا تھا کہ اگر وقف جائیدادیں چھین لی گئیں تو مسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
ایس آئی آر کی کارروائی پر بھی تنقید
وزیرِ اعلیٰ نے ایس آئی آر کے عمل پر بھی تنقید کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فارم صحیح طریقے سے جمع کریں، سماعت میں شامل ہوں اور مہاجر مزدور جلد گھر لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ 12 تاریخ سے ہر بلوک میں کیمپس لگائے جائیں گے تاکہ جن لوگوں کا نام ہٹایا جائے گا وہ وہاں پہنچ سکیں۔
لوگوں کو عمل کی پیروی کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ آج میں نے سنا کہ سرور ڈاؤن ہے۔ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ کوئی دھکّا مُکّی نہیں ہوگی۔ اگر کسی کے پاس دستاویز نہیں ہیں تو وہ انہیں وہیں سے حاصل کر لیں گے۔ ترنمول کارکنان کو چاہیے کہ لوگوں اور بی ایل اوز کی مدد کے لیے سرگرم رہیں۔
ایس آئی آر کی وجہ سے 39 کی موت : وزیرِ اعلیٰ
ممتا نے کہا کہ مہاراشٹر میں نو بی ایل اوز کی موت ہو چکی ہے، گجرات میں تین چار، اترپردیش، راجستھان اور بنگال میں بھی۔ یہاں ایس آئی آر کی وجہ سے 39 لوگ جان گنوا چکے ہیں اور 13 اسپتالوں میں شدید حالت میں داخل ہیں۔ تین لوگوں نے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی مگر اب بہتر ہیں۔ آپ انتخابات سے پہلے ایسا کیوں کر رہے ہیں؟ شہریوں کو دوبارہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اس پوزیشن کے اہل ہیں۔ آپ جان بوجھ کر یہ سب اس لیے کر رہے ہیں تاکہ انتخابات سے چھے ماہ پہلے سرکاری مشینری بے کار ہو جائے۔
سیاسی مقصد کے تحت یہ سب کیا جا رہا ہے: ممتا
ممتا بنرجی نے کہا کہ فروری میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوگا، اسی لیے انہوں نے جان بوجھ کر تین ماہ پہلے یہ کارروائی شروع کی۔ (مرکزی وزیرِ داخلہ) امیت شاہ نے ایسا اس لیے کیا ہے کہ یا تو آپ ایس آئی آر کی پیروی کریں یا حکومت بند ہو جائے۔ ہم سب کچھ کریں گے، ہم لڑیں گے۔ بنگلہ کو دبایا نہیں جا سکتا۔ اگر لوگ آپ کو ووٹ دیتے ہیں تو جمہوری طریقے سے بنگال پر قبضہ کریں۔
مرکز کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ : ممتا بنرجی
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ایس آئی آر یا مردم شماری نہ کریں۔ اس میں وقت لگتا ہے۔ انتخابات کے دوران مرکز کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ آپ نے نوٹ بندی سے کروڑوں کمائے اور اب ایس آئی آر کے نام پر ووٹ بندی کرنا چاہتے ہیں۔ کتنے لوگ مر گئے؟ بتاؤ۔ کب رکو گے؟ کوئی بنگلہ بولتا ہے تو اسے بنگلہ دیشی کہتے ہو۔ جو لوگ آزادی کے وقت یہاں آئے، انہیں بنگلہ دیشی کیسے کہہ سکتے ہو؟ کیا سُنالِی بنگلہ دیشی ہے؟ آپ نے ایک حاملہ عورت کو بھی واپس دھکیلنے کے لیے بی ایس ایف کا استعمال کیا۔ ہم نے مقدمہ دائر کیا اور کورٹ نے کہا کہ اسے واپس بھیجا جائے۔
ممتا بنرجی نے دیگر ریاستوں میں بنگالی زبان بولنے والے مہاجرین کے ساتھ ہونے والے مبینہ ظلم و ستم کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اڑیسہ میں بھی ہمیں پریشان کیا جا رہا ہے۔ مجھے اچھا لگتا ہے جب لوگ اپنی زبان میں بات کرتے ہیں۔ پھر آپ راجستھان، مہاراشٹر، اڑیسہ، مدھیہ پردیش میں ہم پر حملے اور ظلم کیوں کرتے ہیں؟ ہمیں جواب چاہیے۔ ہم بنگلہ میں بات کریں گے، لیکن آپ مجھے میری زبان سے دور نہیں کر سکتے۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں جب کوئی گجراتی بولتا ہے۔