ہم نے قبرستان اور مندروں کی گھیرابندی کرائی:نتیش کمار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-10-2025
ہم نے قبرستان اور مندروں کی گھیرابندی کرائی:نتیش کمار
ہم نے قبرستان اور مندروں کی گھیرابندی کرائی:نتیش کمار

 



سمستی پور : وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے ضلع سمستی پور کے سارائرنجن علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ریاست کی حالت بہت خراب تھی۔ شام کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے ڈرتے تھے۔ ان کے اقتدار میں آنے سے قبل ہندو مسلم فسادات ہوتے تھے۔ تعلیم کی حالت بھی خراب تھی اور بہت کم بچے پڑھتے تھے۔ لیکن اب بہار کی ترقی کا کام مسلسل جاری ہے اور خوف و دہشت کا ماحول ختم ہو چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جب ہمیں حکومت کرنے کا موقع ملا تو ہم نے قبرستانوں کی گھیرابندی کروائی، جس کی وجہ سے اب جھگڑے نہیں ہوتے۔ 2016 میں ہم نے دیکھا کہ ہندو مندروں میں بھی گڑبڑ ہوتی تھی، اس لیے مندروں کی بھی گھیرابندی کروائی گئی۔ اب وہاں کوئی گڑبڑ نہیں ہوتی۔ ہم نے بڑی تعداد میں اسکول کھولے اور تعلیم کو فروغ دینے کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے یونیفارم اور سائیکل اسکیمیں شروع کیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ہم نے مسلم طبقے کے لیے بھی کافی کام کیے ہیں۔ 2025 کے بجٹ میں مکھانا بورڈ سمیت کئی اعلانات کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا ذکر کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم بہار بار بار آتے ہیں اور مختلف جگہوں پر جاکر لوگوں کے مسائل سنتے ہیں۔ 2024 میں حکومت بننے کے بعد وزیر اعظم نے بہار کے لیے کئی تحفے دیے۔

وہ جس اسٹیج سے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، اس کے پیچھے وزیر اعظم مودی کی تصویر لگی ہوئی تھی۔ نتیش کمار نے کہا کہ ہم نے بہار میں بڑی تعداد میں اساتذہ کی بحالی کی ہے۔ بی پی ایس سی کے ذریعے دو لاکھ اٹھاون ہزار سرکاری اساتذہ کی بحالی کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ہم 5 نومبر 2005 کو اقتدار میں آئے تو بہار کی حالت انتہائی خراب تھی۔ نہ صحیح علاج کی سہولت تھی، نہ سڑکیں تھیں، اور جو تھیں وہ بھی خراب حالت میں تھیں۔ بجلی بھی صرف چند علاقوں میں دستیاب تھی۔ لیکن جب ہماری حکومت آئی، تو ہم نے ہر طبقے کے لیے کام کیا۔