نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ اولمپک میں ہندوستان کی کارکردگی اسی صورت بہتر ہو سکتی ہے جب ملک ان کھیلوں میں بھی اپنی شرکت بڑھائے جن میں اس نے ماضی میں حصہ نہیں لیا ہے۔ ’کھیلو انڈیا سنواد‘ کے لیے مختلف مقامات پر جمع سینکڑوں کھلاڑیوں، طلبہ اور رضاکاروں سے ورچوئل ذریعے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کھیلوں کے بارے میں ان کا نظریہ صرف تمغے جیتنے تک محدود نہیں، بلکہ کھیلوں کو قوم کی تعمیر کے عمل کا ایک لازمی حصہ بنانا ہے۔ مودی نے کہا، ’’اولمپک میں کئی مختلف کھیل ہوتے ہیں... ہندوستانی ٹیمیں ان میں سے آدھے کھیلوں میں بھی حصہ نہیں لیتیں۔‘
‘ انہوں نے اسے ’’کڑوی حقیقت‘‘ قرار دیا۔ پیرس اولمپک 2024 میں ہندوستان نے کھیلوں کی فہرست میں شامل 32 میں سے صرف 16 کھیلوں میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم تمغوں کی کل تعداد کے ایک بڑے حصے کے لیے مقابلہ ہی نہیں کرتے۔ کئی دہائیوں سے ایسا ہی ہو رہا ہے۔ دنیا کے دوسرے ممالک ان کھیلوں میں تمغے جیتتے ہیں اور ہم ان میں حصہ تک نہیں لیتے۔‘‘ مودی نے کہا کہ تمغوں کی تعداد بڑھانے کے لیے ہندوستان کو ان کھیلوں میں بھی مہارت حاصل کرنی ہوگی۔ وزیر اعظم نے 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر اپنی تقریر میں پانچ سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ملک گیر ٹیلنٹ سرچ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاکہ اولمپک میں ہندوستان کی شرکت میں اضافہ کیا جا سکے۔
مودی نے کہا، ’’اس 15 اگست کو میں نے لال قلعہ کی فصیل سے ملک کے سامنے کھیلوں کے بارے میں ہندوستان کا وژن پیش کیا۔ جب میں کھیلوں کی بات کرتا ہوں تو اس کا مطلب صرف تمغے جیتنا نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’یہ وکست ہندوستان کی تعمیر میں ہندوستان کی کھیل طاقت اور نوجوان طاقت کو ایک ساتھ جوڑنے کی مہم ہے۔‘‘