ہم نے دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا: فوجی افسر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-05-2025
ہم نے دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا: فوجی افسر
ہم نے دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا: فوجی افسر

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی فضائیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ 'آپریشن سیندور' کے دوران ہندوستانی مسلح افواج نے جو بھی طریقے اور ذرائع اپنائے، اُن کا دشمن کے ٹھکانوں پر "متوقع اثر" پڑا اور ان کے ذریعے "دہشتگرد کیمپوں کو تباہ کرنے" کا مقصد حاصل ہوا۔
ہندوستانی فضائیہ کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز، ایئر مارشل اے کے بھارتی نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 7 مئی کو نو دہشتگرد کیمپوں پر حملوں کے بعد جب ہندوستانی فوجی تنصیبات اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، تو ہندوستانی مسلح افواج نے "فوری اور محتاط انداز" میں جواب دیا۔ فوجی افسران نے بتایا کہ 'آپریشن سیندور' کے تحت ہندوستانی فوج نے مریدکے میں لشکرِ طیبہ کے مرکز طیبہ، بہاولپور میں جیشِ محمد کے مرکز سبحان اللہ، سیالکوٹ میں حزب المجاہدین کی 'محمونہ زویا فیسلٹی' اور برنالہ میں مرکز اہلِ حدیث میں لشکر کے اڈے اور مظفرآباد کے شاوی نالہ میں ان کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اہداف کو نہایت احتیاط سے منتخب کیا۔
ایئر مارشل بھارتی نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے بھیجے گئے ڈرونز اور دیگر فضائی ذرائع سے فضائی دراندازی کی کوشش کی گئی، لیکن ’’ہمارے مضبوط ایئر ڈیفنس (فضائی دفاع) کے موقف‘‘ نے ان میں سے بیشتر کو درمیان میں ہی روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 مئی کو ہم پر یو اے ویز(بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں) اور چھوٹے ڈرونز کے جھنڈ سے حملے کیے گئے۔ یہ حملے ہمارے شہری علاقوں اور فوجی تنصیبات پر کیے گئے۔ ان سب کو کامیابی سے روک دیا گیا، اگرچہ ان میں سے کچھ نیچے گرنے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے خاصا نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ دشمن نے فوجی تنصیبات اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا تھا، ’’لہٰذا ہمیں جواب دینا پڑا۔ ایئر مارشل بھارتی نے کہا کہ ہمارا ردعمل فوری اور منظم تھا۔ ہم نے لاہور اور گوجرانوالہ کے قریب ان کے ریڈار سسٹمز پر حملہ کیا۔ ہم یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ ہم تیار ہیں، لیکن ہم تصادم کو مزید نہیں بڑھانا چاہتے۔ ہماری لڑائی دہشتگردوں سے ہے، پاکستان کی فوجی ڈھانچے سے نہیں۔ پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشتگرد حملے کے انتقام میں پاکستان اور اس کے زیرِ
قبضہ کشمیر میں نو دہشتگردی کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے 7 مئی کی صبح 'آپریشن سندور' کا آغاز کیا گیا تھا۔ پاکستانی حملوں کے بعد کی تمام جوابی کارروائیاں اسی آپریشن کے تحت کی گئیں۔
ایئر مارشل بھارتی نے کہا کہ پاکستان نے ان کارروائیوں کے دوران شہری طیاروں کی پرواز کی اجازت دے کر "بے حس" حرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانے کے لیے انتہائی احتیاط برتنی پڑی کہ کسی بھی شہری طیارے کو نقصان نہ پہنچے، چاہے اس کے لیے ہمیں کچھ حکمتِ عملی کے نقصان کیوں نہ برداشت کرنے پڑے۔
جب غیر ملکی میڈیا میں ہندوستانی جنگی طیاروں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں سوال کیا گیا، تو ایئر مارشل بھارتی نے کہا کہ ہم جنگی حالت میں ہیں، اور نقصان ہونا جنگ کا حصہ ہے۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں اور ہمارے تمام پائلٹ بحفاظت واپس آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لوگوں کو ہلاک کرنا نہیں تھا، لیکن اگر کوئی ہلاک ہوا ہے تو اُس کی گنتی کرنا اُن کا کام ہے۔ ہمارا کام ہدف کو نشانہ بنانا ہے، لاشوں کی گنتی کرنا نہیں۔
فضائیہ کے افسر نے کہا کہ ان کا جواب صرف فوجی تنصیبات پر مرکوز تھا تاکہ شہری اور دیگر نقصانات سے بچا جا سکے۔ افسر نے کہا کہ کیا ہم نے دہشتگرد کیمپوں کو تباہ کرنے کا اپنا مقصد حاصل کر لیا؟ اس کا جواب 'ہاں' ہے، اور اس کے نتائج پوری دنیا دیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان ٹھکانوں اور دیگر تمام مقامات پر موجود ہر سسٹم کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔ تاہم، یہ صرف ایک نپا تلا جواب تھا تاکہ ہمارے مخالف کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ کشیدگی کو مزید بڑھانے سے گریز کرے۔