امریلی (گجرات): مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ 2001 میں نریندر مودی کے گجرات کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ریاست میں پانی کے انتظام کے شعبے میں بڑی تبدیلی آئی اور گزشتہ 25 برسوں کے دوران ریاست میں کبھی خشک سالی جیسے حالات پیدا نہیں ہوئے۔
شاہ گجرات کے ضلع امریلی کے دُدھلا گاؤں میں ہیروں کے تاجر اور پدم شری سے سرفراز ساوجی بھائی ڈھولکیا کے ٹرسٹ کی جانب سے تیار کی گئی 21 ایکڑ پر پھیلی جھیل کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ 1985، 1986 اور 1987 کی شدید خشک سالی کو یاد کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ و تعاون نے الزام لگایا کہ اس وقت کی کانگریس حکومت کے دور میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی پھیلی ہوئی تھی، جس میں خشک سالی کے دوران سرکاری رافلیشور مویشی کیمپ میں ہونے والی بدعنوانی بھی شامل تھی۔
شاہ نے کہا، ’’اگر ہم بارش کے ایک ایک قطرے کو محفوظ کرنے اور اسے زمین میں جذب کرنے کا نظام بنا لیں تو ہمارے ملک اور ریاست پر کبھی خشک سالی کا خطرہ نہیں منڈلائے گا۔ اس خشک سالی کے دوران کانگریس حکومت اقتدار میں تھی اور رافلیشور گھوٹالے جیسے بڑے گھوٹالے ہوئے تھے۔‘‘
شاہ نے کہا، ’’تب ہم چھوٹے تھے۔ لوگ خشک سالی سے راحت کے کاموں میں مصروف تھے۔ وہ گڑھے کھودتے اور پھر انہیں واپس بھر دیتے تھے تاکہ روزانہ کی مزدوری کما سکیں۔ ہم نے خشک سالی سے پریشان لوگوں میں 250 گرام سُکھڑی (ایک مٹھائی) اور گھروں سے جمع کی گئی پرانی چپلیں تقسیم کیں۔‘‘ انہوں نے راجکوٹ میں ایک بس اڈے کے قریب لگے عوامی نل کو زمین میں بنے ایک گڑھے میں نیچے کیے جانے کا واقعہ بھی یاد کیا، کیونکہ پانی کا دباؤ اتنا کم تھا کہ وہ سطح زمین تک بھی نہیں پہنچ پاتا تھا۔ شاہ نے کہا، ’’2001 میں نریندر بھائی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے گجرات میں ایسی صورتحال تھی۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کی پالیسیوں نے سوراشٹر اور شمالی گجرات کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں سے پانی کی بہتر دستیابی والے علاقوں میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مودی حکومت نے 2003 میں صرف ایک سال کے اندر ڈیڑھ لاکھ ’چیک ڈیم‘ بنائے اور بعد میں نرمدا نہر نیٹ ورک، ساؤنی یوجنا اور سوجلَم-سُفلام یوجنا جیسے منصوبوں کے ذریعے پانی کے تحفظ کی کوششوں کو مزید آگے بڑھایا۔
شاہ نے کہا کہ نرمدا منصوبے کا سنگ بنیاد 1964 میں اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے رکھا تھا، لیکن اس کے دروازے مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد کھولے گئے۔ مرکزی وزیر داخلہ کے مطابق، مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد مودی حکومت نے ’جل شکتی وزارت‘ قائم کرکے پانی کے انتظام کو ادارہ جاتی اہمیت دی۔
انہوں نے کہا کہ نرمدا کا پانی سوراشٹر، کچھ اور کھاوڑہ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ اضافی پانی کو ’ساؤنی یوجنا‘ کے تحت آبی ذخائر اور دریاؤں تک پہنچایا گیا ہے۔ شاہ نے کہا، ’’جب مودی وزیر اعلیٰ بنے، تب سے 2026 تک گجرات میں ایک بار بھی خشک سالی نہیں پڑی۔ اس بار سب کہہ رہے تھے کہ ایل نینو کی وجہ سے خشک سالی پڑ سکتی ہے۔ اگرچہ کچھ گاؤں میں بارش کم ہوئی، لیکن مویشیوں کو لے کر جنوبی گجرات کی جانب نقل مکانی کی سنگین صورتحال کبھی پیدا نہیں ہوئی۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’آج گجرات واقعی خشک سالی سے پاک ہے۔ جھیلوں کی تعداد بڑھی ہے، چیک ڈیموں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، زرعی شعبے نے ترقی کی ہے، ہریالی بڑھی ہے اور دیوتا اندرا کی کرپا بھی رہی ہے۔ 2001 سے 2026 تک، یعنی 25 برسوں میں کہیں بھی خشک سالی نہ پڑنا مودی کی منصوبہ بندی کا براہِ راست نتیجہ ہے۔‘‘