گرمجوش مصافحے اور عالمی یکجہتی: برکس سربراہی اجلاس کا آغاز ، مودی، پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2026
گرمجوش مصافحے اور عالمی یکجہتی: برکس سربراہی اجلاس کا آغاز ، مودی، پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ
گرمجوش مصافحے اور عالمی یکجہتی: برکس سربراہی اجلاس کا آغاز ، مودی، پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں بھارت کی صدارت میں 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے آغاز کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ گرمجوشی کے لمحات شیئر کیے۔سماجی رابطے کی ویب گاہ پر جاری کی گئی تصاویر میں وزیر اعظم مودی دونوں رہنماؤں کا ایک ساتھ خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے ہاتھ تھامے اور مسکراتے نظر آئے۔ ان تصاویر میں تینوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی قربت کی جھلک نظر آئی۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب توسیع شدہ برکس اپنی تیسری دہائی میں داخل ہوچکا ہے۔

ایک دوسری تصویر میں وزیر اعظم مودی روسی صدر پوتن چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر مسعود پژشکیان کے ساتھ چلتے ہوئے نظر آئے۔ ایک اور تصویر میں وہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے گفتگو کرتے دکھائی دیے جبکہ پوتن ان کے ساتھ کھڑے تھے۔ ایک تصویر میں مودی اور پوتن کو ساتھ چلتے ہوئے مسکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔بھارت 12 اور 13 ستمبر کو اپنی 2026 کی صدارت کے تحت 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کو وزیر اعظم مودی نے بھارت منڈپم میں برکس رہنماؤں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر رامیشورم تمل ناڈو کے مشہور راماناتھ سوامی مندر کے پس منظر کو نمایاں کیا گیا۔

وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو روسی صدر پوتن اور ایرانی صدر مسعود پژشکیان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی اور برکس کاروباری فورم سے خطاب کیا۔ یہ دن ان کی متعدد اہم سفارتی سرگرمیوں سے بھرپور رہا۔روسی صدر پوتن کے ساتھ ملاقات رواں سال دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی۔ وزارت خارجہ کے مطابق اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی ملاقات اگست میں بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 26ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی اقتصادی دفاعی توانائی خلائی تحقیق ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بھارت کی برکس صدارت بھارت روس کثیر ملکی تعاون اور مغربی ایشیا اور بحیرہ اسود کے خطے کے تنازعات سمیت اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم مودی نے بھارت اور روس کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو بھی اجاگر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت منڈپم میں صنعتی نمائش انوپروم میں شرکت کی۔ مودی نے کہا کہ بھارت روس اقتصادی شراکت داری مسلسل رفتار پکڑ رہی ہے اور دونوں ممالک کی متعدد کمپنیوں کی شرکت دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

دو طرفہ مذاکرات کے بعد دونوں رہنما ایک ہی گاڑی میں بھارت منڈپم پہنچے جہاں انہوں نے صنعتی نمائش کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران 2030 تک بھارت روس دو طرفہ تجارت کو 100 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے بلند ہدف پر بھی بات ہوئی۔

وزیر اعظم مودی نے صدر پوتن کو قدیم تمل ادبی صحیفے ’تروکُرل‘ کا روسی زبان میں ترجمہ بھی تحفے میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً دو ہزار سال قبل سنت شاعر تروولّور نے تروکُرل تحریر کیا تھا جس میں انسانی زندگی کے تقریباً تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کے روسی ترجمے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

پوتن جمعہ کو سربراہی اجلاس سے قبل نئی دہلی پہنچے تھے جہاں وزارت خارجہ کے وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو ایرانی صدر مسعود پژشکیان سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی سابقہ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان جاری رابطوں کا حصہ تھی۔

وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے مشکل حالات کے باوجود برکس سے متعلق اجلاسوں میں ایران کی مسلسل اعلیٰ سطحی شرکت پر صدر پژشکیان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے برکس کاروباری فورم کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت پر بھی ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برکس عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان لچک پذیری جدت تعاون اور پائیداری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں جاری تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بھارت کے اس مستقل مؤقف کو دہرایا کہ تمام مسائل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جس میں بحری آمدورفت اور تجارت کی آزادی کے ساتھ سمندری کارکنوں کی حفاظت اور بہبود بھی شامل ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بشکیک سے دہلی تک مفید بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور ایران کی دوستی پر گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک طویل مدتی اور باہمی فائدے کی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے خطے کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دیرپا امن کے حصول کے عزم پر قائم ہے۔

دریں اثنا برکس ممالک ہفتہ کی صبح چار بجے تک جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیے پر اتفاق رائے تک پہنچ گئے۔ مذاکرات کے دوران کئی حساس معاملات پر اختلافات سامنے آئے تاہم بھارت نے مختلف مؤقف رکھنے والے ممالک کے درمیان مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔یہ اتفاق رائے اس لیے بھی اہم ہے کہ ایران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایک ہی فورم کا حصہ ہیں جبکہ علاقائی اور جغرافیائی سیاسی معاملات پر ان کے درمیان کئی اختلافات موجود ہیں۔ مغربی ایشیا میں جاری تنازعات اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ایک پیچیدہ سفارتی چیلنج تھا۔

برکس بڑی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے درمیان اقتصادی پالیسی میں تعاون اور عالمی حکمرانی کے معاملات پر مشترکہ مؤقف تشکیل دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس کے ایجنڈے میں ترقی مالیات ٹیکنالوجی تجارت اور عوامی روابط شامل ہیں جبکہ یہ عالمی اداروں میں عالمی جنوب کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے بھی اہم فورم فراہم کرتا ہے۔بھارت کی زیر صدارت 18ویں برکس سربراہی اجلاس کا موضوع ’’لچک پذیری جدت تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ ہے۔ یہ موضوع ترقی پائیداری جدت اور ادارہ جاتی مؤثریت پر بھارت کی توجہ اور عالمی جنوب کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔بھارت نے 2026 کے لیے برکس کی صدارت سنبھالی ہے اور پائیدار ترقی اقتصادی نمو ٹیکنالوجی موسمیاتی اقدامات اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔