کورنا کے خلاف جنگ بطور قوم ہندوستان کو مضبوط بنا سکتی ہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-04-2021
عقیل منصوری نے پلازما دینے کے لئے روزہ توڑ کر یک جہتی کی روایت کو برقرار رکھا
عقیل منصوری نے پلازما دینے کے لئے روزہ توڑ کر یک جہتی کی روایت کو برقرار رکھا

 

 

عاطر خان / نئی دہلی

دشمن ہمارے دروازوں پر کھڑا ہے اور دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے۔ کورونا ایک بار پھر بہت زیادہ آب و تاب کے ساتھ لوٹ آیا ہے ، اب سب کی نگاہیں اس طرف ہیں کہ ہندوستانی اس عفریت  کا  کس طرح سامنا کرتا ہے ۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ اس وبائی بیماری کی واپسی ہندوستان کو متحد کرنے کے لئے ایک خدائی مداخلت دکھائی دیتی ہے۔

مشہور مصنف گورچرن داس نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اگر کووڈ ہندوستانی لوگوں کو متحد نہیں کر سکتا تو کوئی بھی نہیں کرسکتا۔ اس نقطہ نظر سے ہر کوئی اتفاق کرے گا ۔ کووڈ سے نمٹنا نا صرف گڈ گورننس کی آزمائش ہے بلکہ بحیثیت قوم یہ ہندوستان کا بھی امتحان ہے۔ یہ ہم سب کا مشترکہ دشمن ہے۔

نفرت کے دور میں دنیا کے تاثرات کو بدلنے کے لئے اس سے بہتر موقع کوئی دوسرا نہیں ہوسکتا ہے۔ ہندوستان جس کو ایک قوم کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے اور جہاں اب  مذہبی تفریق نے گہری جڑیں پکڑ لی ہیں ، اس کے پاس موقع ہے کہ اپنے ملک میں محبت اور ہم وطن شہریوں کی دیکھ بھال کے تا ثر کو دنیا کے سامنے پھر سے نمایاں کرے ۔

 ہم نے ضرورت مند ممالک کو ویکسین بھیج کر ایک عمدہ کام کیا ہے ۔ عالمی برادری کے سامنے اس کا بہت ہی مثبت پیغام گیا ، جس نے اس عظیم الشان کار خیر پر اظہار تشکر کیا۔ وبائی مرض نے دکھایا ہے کہ انسانیت واحد چیمپئن ہے اور صرف یہی آپ کو بچا سکتی ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کوئی اکروباٹک موٹرسائیکل کو لے کر اسٹنٹ والے پنجرے میں اتر گیا ہو جسے ہم اپنے بچپن میں سرکس میں دیکھتے آے ہیں ۔ اسٹنٹ کرنے والے شخص کو اپنی روزی کمانے کے لئے پنجرے میں اترنا پڑا لیکن اسی کے ساتھ ہی اس نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال دیا۔ ہندوستانی بھی کووڈ کے پنجرے میں پھنس چکے ہیں اور صرف انسانیت کے پاس اس سے باہر نکلنے کی کلید ہے۔

ہم نے اپنی ٹھوس کوششوں سے پہلی کووڈ لہر کو شکست دے دی لیکن پھر ہم نے سستی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں یہاں ہم لاک ڈاؤن میں بیٹھے ہیں۔ لاک ڈاؤن اپنے ساتھ بقا کے تعلق سے متعدد خدشات لے کر آیا ہے اور ساتھ میں پرانی یادوں کا بھی شدت سے احساس دلا رہا ہے جب سب کچھ ٹھیک تھا۔ سوشل میڈیا لوگ بچپن کی یادوں سے محظوظ ہو رہے ہیں ۔ آپ کو گروپوں میں ایسے افراد نظر آئیں گے جو روسکن بانڈ اور کے آر نارائن کی کتابیں یاد کر رہے ہیں۔ لوگ اپنے بچپن کے زمانے کی فلمیں جیسے ڈیڈ پوٹس سوسائٹی ، بین ہور اور چیٹی چیٹی بنگ بینگ پر بھی گفتگو کر رہے ہیں۔

لوگ گھر کے کاموں سے فرصت پانے کے بعد کشور کمار اور محمد رفیع کے یادگار ہندی فلمی گانوں کو سن رہے ہیں۔ اور کچھ دوسرے بھجن اور صوفی گانوں کو سننا پسند کر رہے ہیں۔ ہندی سوشل میڈیا گروپوں میں بھی لوگ ہندی کے نامور مصنفین جیسے منشی پریم چند ، مہادویوی ورما ، امریتا پریتم ، جئے شنکر پرساد اور بہت سے دوسرے لوگوں پر گفتگو کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اسی طرح اردو سوشل میڈیا غالب ، راحت اندوری ، خمار بارہ بنکی اور اردو کے دیگر نامور شعراء سے بھرے پڑے ہیں ۔ اردو جاننے والے لوگ ابن صفی کے ان جاسوسی ناولوں کو پڑھ رہے ہیں جسے لوگ بھول چکے تھے ۔ یہ سب اجتماعی شعور کی یادیں ہیں جس کے ساتھ ہم اس ملک میں بڑے ہوئے ہیں اور ہمیں اس پر فخر کرنا چاہئے۔

ہم ایسی چیزوں کو یاد کر رہے ہیں جس نے ہمیں اقدار دیں اور ہمارے بچپن کے احساسات کی آبیاری کی۔ ان یادوں سے یہ احساس پختہ ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسے خوبصورت ملک میں رہتے ہیں جو ہمیں ایسا کرنے کی اجازت دیتا ہے جو ہم بننا چاہتے ہیں۔ کم از کم میں کسی اور جگہ کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا جہاں میں اپنی باقی زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی کووڈ لہر میں ہم نے دیکھا کہ ہندوستانی خود کشی کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور اس سے ان لوگوں کے لئے خیرات ایک کا سیلاب آگیا ہے جنہیں مدد کی ضرورت تھی ۔ ذات پات اور مذہب سے قطع نظر لوگ اپنے ضرورت مند ہندوستانی بھائیوں کی مدد کے لئے جمع ہوئے۔

سول سوسائٹی نے اتنے حیرت انگیز طریقے سے اپنا کردار ادا کیا کہ کووڈ کی پہلی لہر شکست کھا گئی ۔ اس کے ساتھ ساتھ مذہبی گروہوں کی خدمت بھی قابل تحسین تھی ، لیکن ایسی شخصیات بھی تھیں جو اپنی غیر معمولی کوششوں سے مثال بن گئیں۔ ممبئی کے ایک فلمی اداکار سونو سود کی مثال لیجئے ، جنہوں نے مہاجر مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچنے میں مدد کی اور تاریخ میں اپنا نام درج کروا لیا ۔ آج وہ ایک پوسٹر بوائے بن گیا ہے۔ جب آپ آس پاس نظر ڈالتے ہیں تو ساتھی شہریوں کے لئے بھی تشویش ہوتی ہے۔ حال ہی میں اترپردیش کے بجنور کے رہائشی سونو رستوگی نے اپنی سالگرہ کی تقریبات چھوڑ دیں اور ایک مسلمان خاتون کی جان بچانے کے لئے خون کا عطیہ کیا۔

اسی طرح ، آدی پور راجستھان میں 32 سالہ عقیل منصوری روزے سے تھے جب انہوں نے سنا کہ نرملا اور الکا ، دو خواتین کو فوری طور پر پلازما کی ضرورت ہے۔ ان کا بلڈ گروپ 'اے' مثبت تھا۔ عقیل جس نے پہلے بھی اپنا پلازما عطیہ کیا تھا ، دو خواتین کی جان کو خطرے کی خبر سن کر اسپتال پہنچا۔ ڈاکٹروں نے اس کا پلازما قبول کرنے سے انکار کردیا کیونکہ وہ روزے سے تھا۔ عقیل کے پاس اپنا روزہ توڑنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا تاکہ وہ پلازما کا عطیہ کرسکے۔ عقیل کا کہنا تھا کہ روزہ رکھنے سے زیادہ جان بچانا ضروری ہے اور مزید یہ کہ اسلام ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا سکھاتا ہے۔

کچھ سیاسی جماعتیں کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کے بجائے انتخابات جیتنے کو ترجیح دینے کے لئے شدید تنقید کا نشانہ بنی ہیں۔ ہندوستان ایک جمہوریت ہونے کے ناطے اپنی متنوع ثقافت اور مذہب کے ورثے سے مالا مال ہے۔ تمام تر اختلافات کے باوجود ، اس نے قدرتی اور مصنوعی آفات کا مقابلہ کیا ہے اور ایک قوم کی حیثیت سے وقت کے امتحان کے سامنے سینہ سپر ہے۔ اگرچہ دنیا کی دوسری جمہوریتوں نے پریشانیوں کے آگے خود کوبےبس پایا ، لیکن بحیثیت قوم ہندوستان کا وجود دنیا کے لئے ایک عجوبہ ہے۔

بحران کے دوران حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے خدشات کو سرخ پرچم لگا کر اپنا کام انجام دے رہی ہیں۔ حزب اختلاف میں رہنے والے یہ بھی جانتے ہیں کہ تجاویز دینا آسان ہے لیکن ان پر عمل کرنا آسان نہیں ہے۔ اگر وہ خود اقتدار میں ہوتے تو وبائی مرض کے سامنے انہیں بھی ایسی ہی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا۔ ہندوستان مفت مشوروں کی سرزمین ہے۔ لیکن ایک سنجیدہ نوٹ پر وقت کی ضرورت یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات جیتنے کے بارے میں سوچنے کے بجائے قوم کو بچانے کے لئے اپنے کارکنوں کو متحرک کریں۔ انہیں اس موقع کا استعمال لوگوں کو متحد کرنے کے لئے کرنا چاہئے۔

نقطہ یہ ہے کہ تمام ہندوستانیوں کو بھی اسی ہمت اور عزیمت کا مظاہرہ کرنا پڑے گا جو انہوں نے کووڈ کی پہلی لہر سے لڑنے میں دکھایا تھا۔ لیکن دوسروں کی مدد کرنے سے پہلے لوگوں کو خود کا بھی خیال رکھنا چاہئے اور کووڈ کے تمام پروٹوکول پر عمل کو یقینی بنانا چاہئے۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ جب آپ پرواز کے دوران آکسیجن کی کمی کی صورت میں کسی پرواز میں سوار ہوں تو ، دوسروں کی مدد کرنے سے پہلے براہ کرم اپنا ماسک پہنیں۔