متھرا (اتر پردیش): سفید ساڑیوں میں ملبوس زندگی نے پیر کے روز وِرنداون کے تاریخی گوپیناتھ مندر میں رنگوں کی خوبصورت پرواز بھری۔ برسوں تک “بدقسمت” کہہ کر تہواروں سے دور رکھی گئی بیوہ خواتین نے اس بار ہنسی کی گونج، بھکتی کے نغمات اور اُڑتے ہوئے گلابی رنگوں کے درمیان صرف ہولی نہیں دیکھی بلکہ اسے جیا، جیسے رنگوں نے ان کی زندگی کی سنسان گلیوں پر دستک دی ہو اور کہااب ممنوعیات نہیں، بس جشن۔
‘سولبھ انٹرنیشنل’ کی ایگزیکٹو کوآرڈینیٹر نتیہ پٹھک نے بتایا کہ پانچ آشرموں سے آئی 200 سے زائد بیوہ خواتین نے پورے جوش و خروش کے ساتھ اس جشن میں حصہ لیا۔ “بنسی والے کی جے” کے گونجتے نعرے کے درمیان وہ مندر میں گائے جانے والے راسیا گیتوں کی دھن پر جھومیں اور جلد ہی ایک دوسرے پر ایک ہزار کلو سے زیادہ پھول اور 700 کلو گلابی رنگ پھینکا گیا۔
نتیہ نے کہا، “پورا مندر بھکتی میں ڈوبا رہا اور خواتین میں ہولی کھیلنے کے لیے بے پناہ جوش دیکھا گیا۔” انہوں نے کہا، “گزشتہ سالوں میں ہم نے اس تقریب میں حصہ لینے والی بیوہ خواتین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا ہے۔ یہ تبدیلی کی وہ علامت ہے جسے ان خواتین نے کھلے دل سے قبول کیا ہے اور اب وہ ایسے تہواروں میں بھرپور حصہ لینے لگی ہیں۔”
نتیہ نے بتایا، “بھارتی معاشرے میں ایک وقت بیوہ خواتین کو بدقسمت سمجھا جاتا تھا اور انہیں تہواروں اور سماجی تقریبات سے محروم رکھا جاتا تھا۔ کئی خواتین کو اپنے ہی گھروں سے نکال دیا جاتا اور پناہ کی تلاش میں وِرنداون پہنچنا پڑتا، جہاں انہیں کمی اور لاچاری بھری زندگی گزارنی پڑتی تھی۔” انہوں نے کہا کہ 2012 میں وِرنداون میں رہنے والی بیوہ خواتین کی دگرگوں حالت کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے ‘سولبھ انٹرنیشنل’ کو ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی تھی۔