ووٹ ادھیکار یاترا: اصل منزل نومبر میں حاصل ہوگی: مہاگٹھ بندھن

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
ووٹ ادھیکار یاترا: اصل منزل نومبر میں حاصل ہوگی: مہاگٹھ بندھن
ووٹ ادھیکار یاترا: اصل منزل نومبر میں حاصل ہوگی: مہاگٹھ بندھن

 



مدھوبنی (بہار): بہار میں اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن کے دو اہم اتحادی جماعتوں، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس نے منگل کو الزام لگایا ہے کہ بہار میں ووٹ چوری کے ذریعے عوام کے جمہوری حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس سال کے آخر میں ممکنہ ریاستی اسمبلی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ادھیکار یاترا یکم ستمبر کو اپنے پہلے مرحلے کے اختتام کو پہنچے گی، مگر منزل نومبر میں حاصل ہوگی۔

یہ یاترا اپنے دسویں دن سپول سے شروع ہو کر دوپہر کے وقت مدھوبنی پہنچی۔ اس یاترا کا اختتام یکم ستمبر کو پٹنہ میں ایک عوامی جلسے کے ذریعے ہوگا۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا اور آر جے ڈی کے سینئر رہنما پروفیسر منوج جھا نے یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

سرجے والا نے کہا:ملک اور بہار میں ایک نعرہ گونج رہا ہے: ووٹ چور، کرسی چھوڑ۔ یہ نعرہ اب پورے ملک کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا سے ایک نئی انقلابی تحریک کی شروعات ہوئی ہے۔ سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ بہار میں ووٹ چوری کے ثبوت مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، پٹنہ، مدھوبنی اور پورنیہ چمپارن میں 10.63 لاکھ ووٹرز کے نام فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا: ووٹ کی چوری دراصل حقوق کی چوری ہے۔ آر جے ڈی کے رہنما منوج جھا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے حق میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان کے بقول، یہ یاترا "ووٹ کی ڈکیتی" کے خلاف ایک عوامی بیداری مہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا: تیجسوی یادو نے صاف کہا ہے کہ یہ انتخاب کسی حکومت کو بدلنے کے لیے نہیں بلکہ سروکار بدلنے کے لیے ہے۔

بہار کو بنیادی سطح پر تبدیلی کی ضرورت ہے۔ جھا نے زور دیا کہ یہ یاترا یکم ستمبر کو ایک اہم پڑاؤ پر پہنچے گی، لیکن اس کی اصل منزل نومبر کا مہینہ ہے، جب بہار اپنی جمہوری فتح حاصل کرے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا منگل کو اپنے بھائی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ہمراہ سپول میں "ووٹ کے حق کی یاترا" میں شریک ہوئیں۔