ووٹر لسٹ نظرثانی :اپوزیشن نے اٹھائے سوال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
ووٹر لسٹ نظرثانی :اپوزیشن  نے اٹھائے سوال
ووٹر لسٹ نظرثانی :اپوزیشن نے اٹھائے سوال

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی  کو لے کر سیاست کا ماحول خاصا گرم ہو گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں لگاتار الیکشن کمیشن کے اس قدم کی تنقید کر رہی ہیں۔ ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے مشورہ کیے بغیر جلدبازی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر سوال اٹھتے ہیں۔ کانگریس، ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے اتوار کو کہا کہ الیکشن کمیشن کو بہار جیسے معاملات پر قدم اٹھانے سے پہلے سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔
گزشتہ جمعرات کو سپریم کورٹ نے بہار میں ووٹر لسٹ نظرثانی سے جڑے کئی عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اس عمل سے روکنے سے انکار تو کر دیا، لیکن یہ مشورہ ضرور دیا کہ ووٹر لسٹ کی تازہ کاری کے لیے ووٹر آئی ڈی اور راشن کارڈ جیسے دیگر دستاویزات پر بھی غور کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ وہ 21 جولائی تک اپنا حلف نامہ داخل کرے اور کیس کی اگلی سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔
 بہار میں ووٹر لسٹ نظرثانی کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل ہونے کے اگلے ہی دن، الیکشن کمیشن نے تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کو خط لکھ کر اسی طرز کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی۔ اتوار کو اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پورے ملک میں اس عمل کو شروع کرنے سے پہلے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔
اپوزیشن نے اٹھائے کئی سوالات
کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر ابھیشیک منو سنگھوی نے  کہا کہ الیکشن کمیشن کا بیان بے معنی ہے کیونکہ سب کچھ سپریم کورٹ کے فیصلے پر منحصر ہے۔ صرف 28 جولائی ہی نہیں بلکہ اس کے بعد کی تواریخ بھی اہم ہوں گی۔ صرف قوم پرستی کی آڑ میں دیے گئے بیانات بے معنی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ سپریم کورٹ کی مکمل کارروائی کا انتظار کیا جائے۔
آرجے ڈی کے راجیہ سبھا ممبر منوج جھا نے کہا کہ ہماری تشویش یہ ہے کہ بہار میں محدود وقت کے اندر اس عمل کو شروع کر دیا گیا اور سیاسی جماعتوں سے کوئی مشورہ تک نہیں لیا گیا۔ انڈین ایکسپریس سمیت کئی میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن صرف شہ سرخیوں پر توجہ دے رہا ہے اور زمینی سطح پر کام کرنے والوں یا جن کے نام فہرست سے ہٹائے جا رہے ہیں، ان کی تشویشات کو نظرانداز کر رہا ہے۔
سماجوادی پارٹی نے بھی کسا طنز
سماجوادی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر جاوید علی خان نے کہا کہ یہ سب کچھ من مانے انداز میں ہو رہا ہے۔ وہ اگر چاہیں تو پورے ملک میں یہ عمل شروع کر سکتے ہیں، مگر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ضروری تھا۔
ٹی ایم سی کی ساغریکا گھوش کا الزام – ایس آئی آر کا اصل نشانہ بنگال ہے
ترنمول کانگریس کی راجیہ سبھا ممبر ساغریکا گھوش نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کیا ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے نام پر کوئی نیا شہری رجسٹر تیار کر رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ماننا ہے کہ ایس آئی آر کا اصل نشانہ مغربی بنگال ہے۔ یہ این آر سی کو پیچھے کے دروازے سے نافذ کرنے کی کوشش ہے۔ الیکشن کمیشن کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ کیا وہ کوئی شہری رجسٹر بنا رہا ہے، جو کہ اس کا کام نہیں ہے۔ لاکھوں ہندوستانی ایسے ہیں جن کے پاس وہ دستاویز نہیں ہوں گے جو کمیشن اس عمل کے لیے مانگ رہا ہے، جس سے کمیشن کو یہ اختیار مل جاتا ہے کہ وہ طے کرے کون سا دستاویز قابل قبول ہے اور کس کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا جائے۔ یہ ایک بدنیتی پر مبنی عمل ہے جس کا نشانہ غریب اور پسماندہ طبقے ہیں۔ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر رہا ہے۔
سی پی آئی ایم کا بیان – اپوزیشن جعلی ووٹرز ہٹانے کے خلاف نہیں
مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی  کے رہنما جان بریٹاس نے کہا کہ اپوزیشن جعلی ووٹروں کو ہٹانے کے لیے ووٹر لسٹ کی اصلاح کے خلاف نہیں ہے، لیکن یہ عمل صرف این آر سی جیسے مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، "یہ کوشش پچھلے دروازے سے این آر سی لانے اور ووٹروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی سازش نہیں ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کی اس بات پر بھی غور کرنا چاہیے کہ شہریت طے کرنا اس کا کام نہیں ہے۔ ایسے عمل میں سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
ڈی راجہ کا سوال – اتنی جلدی کیوں؟
بھاکپا کے جنرل سیکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پورے ہندوستان میں ووٹر لسٹ ریوائز کرنے کی اس جلدبازی کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب سپریم کورٹ اس معاملے کی سماعت کر رہا ہے اور الیکشن کمیشن نے اب تک کوئی جواب داخل نہیں کیا ہے تو پھر اتنی جلدی کیوں؟ کیا وجہ ہے کہ کیرل، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں اگلے سال انتخابات ہونے والے ہیں؟ اس پر کمیشن کو وضاحت دینی چاہیے۔