ایتھوپیا میں پھٹا آتش فشاں، ہندوستان تک پہنچی راکھ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-11-2025
ایتھوپیا میں پھٹا آتش فشاں، ہندوستان تک پہنچی راکھ
ایتھوپیا میں پھٹا آتش فشاں، ہندوستان تک پہنچی راکھ

 



ایتھوپیا / آواز دی وائس
ایتھوپیا میں پھٹے ہوئے آتش فشاں کا اثر اب ہندوستان تک پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کے آسمان پر جو راکھ کے بادل دکھائی دے رہے تھے، اس پر محکمۂ موسمیات کی گہری نظر تھی۔ اب معلوم ہوا ہے کہ یہ راکھ کا بادل بحیرہ احمر کو پار کرتے ہوئے تقریباً 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہندوستان کی طرف بڑھا تھا۔
فی الحال ایتھوپیا میں پھٹے آتش فشاں کا اثر دہلی، راجستھان اور شمالی ہندوستان کے بڑے حصے میں دیکھا جا رہا ہے۔ آتش فشاں کی راکھ اتنی خطرناک ہے کہ اکاسا ایئر سے لے کر انڈیگو تک کئی ایئرلائنز کو اپنی پروازوں کے راستے بدلنے پڑے ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی جے سی اے نے ایئرلائنز کو انتباہ جاری کیا ہے اور زور دے کر کہا ہے کہ راکھ والے علاقوں سے دور پرواز کی جائے اور طیاروں کے انجن کی اچھی طرح جانچ بھی کی جائے۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ راکھ کے بادل ہریانہ کے آسمان میں بھی دکھائی دینے لگے ہیں اور ماہرین کے مطابق یہ گجرات تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مغربی اتر پردیش کے پہاڑی علاقوں اور ہماچل پردیش پر بھی اس کا اثر دکھائی دینے والا ہے۔ یہ بہت کم ہوتا ہے کہ ہندوستان سے اتنی دور پھٹے کسی آتش فشاں کا اثر ملک کی اتنی ریاستوں میں نظر آئے۔
دہلی میں صورتحال زیادہ خراب اس لیے مانی جا رہی ہے کیونکہ دارالحکومت کئی دنوں سے شدید فضائی آلودگی سے دوچار ہے۔ پہلے سے ہی ہوا زہریلی بنی ہوئی ہے اور اب اس کے بیچ راکھ کے بادل نے حالات کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ تاہم موسمیات کے ماہرین لوگوں کو گھبرانے سے منع کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق راکھ کافی بلندی پر ہے، ایسی صورت میں عام لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
جہاں تک معلومات کا تعلق ہے، ایتھوپیا کے افار ریجن کے ہیلی گُبّی علاقے میں یہ آتش فشاں پھٹا تھا۔ یہ وہ آتش فشاں تھا جو کئی دہائیوں سے خاموش پڑا تھا، اس لیے اس کا کوئی باقاعدہ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ فی الحال آتش فشاں کے پھٹنے سے کسی جانی نقصان کی خبر نہیں، تاہم یمن اور عمان نے احتیاط کے طور پر لوگوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔