وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ حادثے میں 8 مزدور ہلاک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2026
وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ حادثے میں 8 مزدور ہلاک
وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ حادثے میں 8 مزدور ہلاک

 



وشاکھاپٹنم: آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ میں پیش آنے والے ایک بڑے حادثے میں کم از کم 8 مزدور ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ایس ایم ایس-2 اور ایس ٹی سی-3 ہیٹ فیسلٹی میں بڑی مقدار میں پگھلے ہوئے فولاد کے رساؤ کے باعث پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق ایک لیڈل (پگھلا ہوا فولاد رکھنے والا برتن) میں دھماکہ ہونے کے بعد پگھلا ہوا فولاد باہر پھیل گیا، جس کی زد میں آ کر کئی مزدور شدید متاثر ہوئے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت پگھلے ہوئے فولاد کا درجۂ حرارت تقریباً 1600 ڈگری سیلسیس تھا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ امدادی اور بچاؤ کارروائیاں باہمی تال میل کے ساتھ تیزی سے انجام دی جائیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ پر موجود متعدد کارکن شدید جھلس گئے ہیں۔ پگھلے ہوئے فولاد کے رساؤ کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بعض ملازمین کے یونٹ کے اندر پھنس جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ تاہم زخمیوں اور پھنسے ہوئے افراد کی حتمی تعداد کے بارے میں ابھی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ ونگلاپُڈی انیتا نے حادثے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم کے ضلع کلکٹر اور پولیس کمشنر سے فون پر رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔

انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور بچاؤ و امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ وزیر داخلہ کے دفتر کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ونگلاپُڈی انیتا جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئیں اور وہ مسلسل حکام سے رابطے میں رہ کر ضروری ہدایات جاری کر رہی ہیں۔