مہاراشٹر،راجستھان میں تشدد کا خدشہ،20 ہزارسی آر پی ایف جوانوں کو ایئر لفٹ کرنے کی تیاری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2022
مہاراشٹر،راجستھان میں تشدد کا خدشہ،20 ہزارسی آر پی ایف جوانوں کو ایئر لفٹ کرنے کی تیاری
مہاراشٹر،راجستھان میں تشدد کا خدشہ،20 ہزارسی آر پی ایف جوانوں کو ایئر لفٹ کرنے کی تیاری

 

 

نئی دہلی: سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے مہاراشٹرا اور راجستھان میں تشدد اور فسادات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس کی وجہ سے سی آر پی ایف کی ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کی 15 بٹالین یعنی تقریباً 20 ہزار جوانوں کو ایئر لفٹ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آر اے ایف یونٹوں کو دی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ انہیں کسی بھی مختصر نوٹس پر فضائی اور سڑک کے ذریعے خصوصی ڈیوٹی پر بھیجا جا سکتا ہے۔ تمام بٹالین انسداد فسادات کے آلات سے لیس ہوں گی۔ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ کافی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود لے جائیں۔

گاڑیوں کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام گاڑیاں اچھی حالت میں ہونی چاہئیں اور فیول ٹینک بھرا ہوا ہو۔ ذرائع کے مطابق آر اے ایف کو یہ ہدایت 28 جون کو دی گئی ہے۔

ان ہدایات میں آر اے ایف کے اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فضائی اور سڑک کے ذریعے کسی خاص ڈیوٹی کے لیے جانے کے لیے تیار رہیں۔ آر اے ایف کی یونٹ بٹالین نمبر 83، 99 اور 107 سے کہا گیا ہے کہ وہ سڑک کے ذریعے نقل و حرکت کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ جیسے ہی حکم آئے گا انہیں بغیر کسی تاخیر کے ڈیوٹی کی جگہ روانہ ہونا پڑے گا۔

اسی طرح یونٹ نمبر 91، 97، 100، 101، 102، 103، 104، 105، 106، 108، 114 اور 194 کو ایئر لفٹ کی تیاری کے لیے کہا گیا ہے۔ کمپنی کمانڈر اور کمانڈنٹ کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی بٹالین میں سپاہیوں کی تعداد کم نہ ہو۔ تمام جوانوں کو فساد مخالف جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔

واضح ہوکہ شیوسینا کے باغی ایم ایل اے کے مہاراشٹر پہنچتے ہی تخریب کاری کے امکانات ہیں۔ مہاراشٹر کی سیاست میں کئی دنوں سے ہلچل ہے۔ شیوسینا کے باغی ایم ایل ایز کا گراف بڑھتا جا رہا ہے۔ بی جے پی لیڈر اور سابق سی ایم دیویندر فڑنویس نے دہلی سے واپس آنے کے بعد گورنر سے ملاقات کی ہے اور فلور ٹیسٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف باغی ایم ایل اے کو مبینہ طور پر شیوسینا کی طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس وجہ سے کئی ایم ایل اے کو سی آر پی ایف سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ مرکزی ایجنسیوں نے مہاراشٹر میں تشدد کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جیسے ہی باغی ایم ایل اے ممبئی پہنچیں گے، توڑ پھوڑ ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے یہاں بھی آر اے ایف کو تعینات کیا جا سکتا ہے۔

جب کہ راجستھان کے ادے پور میں ایک مخصوص برادری کے دو افراد کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔ ریاستی حکومت نے معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ این آئی اے کی ٹیم بھی ادے پور پہنچ رہی ہے۔ اس گھناؤنے قتل کے بعد ادے پور میں جگہ جگہ پولس تعینات ہے۔

سات تھانوں کے علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ امن و سلامتی کے لیے پورے راجستھان میں انٹرنیٹ بند ہے۔ وہاں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی وجہ سے یہاں سی آر پی ایف کی آر اے ایف بٹالین کو بھی سڑک کے راستے جانے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔