نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی بی جے پی کے سینئر لیڈر وجے کمار ملہوترا کا 94 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی بھر جن سیوا کے لیے وقف رہے بی جے پی کے سینئر لیڈر وجے کمار ملہوترا جی کے انتقال سے گہرا دکھ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ وہ زمین سے جڑے ہوئے ایسے لیڈر تھے جنہیں عوامی مسائل کی گہری سمجھ تھی۔ دہلی میں پارٹی کو مضبوط بنانے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ پارلیمنٹ میں اپنی سرگرمی اور تعاون کے لیے بھی وہ ہمیشہ یاد کیے جائیں گے۔ غم کی اس گھڑی میں میرے دلی تعزیت ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ ہے۔ اوم شانتی
امت شاہ نے بھی افسوس کا اظہار کیا
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وجے کمار ملہوترا کے انتقال پر کہا کہ جن سنگھ سے لے کر جنتا پارٹی اور بی جے پی تک تنظیم کو وسعت اور ڈھانچہ دینے میں اہم کردار ادا کرنے والے بی جے پی کے سینئر لیڈر وجے کمار ملہوترا جی کے انتقال سے دل بے حد مغموم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے دہلی بی جے پی کے صدر ہوں، دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف یا ایک عوامی نمائندہ، وجے کمار ملہوترا جی نے ہر کردار میں ملک اور دہلی واسیوں کی خدمت کی۔ ان سے ہونے والی ہر ملاقات میں تنظیم سے جڑی کئی باریکیاں سیکھنے کو ملیں۔ غم کی اس گھڑی میں پورا بی جے پی خاندان ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ پروردگار مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے۔ اوم شانتی شانتی شانتی۔
وجے کمار ملہوترا کون تھے؟
وجے کمار ملہوترا کی پیدائش 3 دسمبر 1931 کو لاہور میں ہوئی تھی۔ وہ اپنے والدین کی چوتھی اولاد تھے۔ سال 1972 سے 1975 کے دوران وہ دہلی پردیش جن سنگھ کے صدر رہے۔ بعد ازاں 1977-80 اور 1980-84 میں دہلی میں بی جے پی کے صدر بھی مقرر کیے گئے۔
وجے کمار ملہوترا پانچ مرتبہ رکن پارلیمنٹ اور دو بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے 1999 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے قدآور رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ کو شکست دی۔ بعد ازاں منموہن سنگھ 2004 میں ملک کے وزیر اعظم بنے۔
سال 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں دہلی میں بی جے پی کے سات امیدواروں میں سے صرف وجے کمار ملہوترا ہی کامیاب ہو پائے تھے۔ سال 2008 کے دہلی اسمبلی انتخابات میں وہ بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار تھے، تاہم یہ انتخاب شیلا دیکشت کی قیادت میں کانگریس نے جیتا۔
وجے کمار ملہوترا ایک ماہر تعلیم بھی تھے۔ انہوں نے ہندی ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ سیاست اور سماجی خدمات کے علاوہ وہ دہلی میں شطرنج اور تیر اندازی کلبوں سے بھی وابستہ رہے۔