وجے حکومت کا پہلا بجٹ اسمبلی میں پیش

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2026
وجے حکومت کا پہلا بجٹ اسمبلی میں پیش
وجے حکومت کا پہلا بجٹ اسمبلی میں پیش

 



چنئی: تمل ناڈو کے وزیرِ خزانہ این میری ولسن نے بدھ کے روز وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے کو ایک حقیقی جمہوریت پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد سازشوں کا مقابلہ کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ وزیرِ خزانہ نے تملگا ویٹری کزگم (TVK) حکومت کا پہلا بجٹ (نظرِ ثانی شدہ تخمینے 2026-27) اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ صرف عوام کے احسان کا قرض چکانے کے لیے عوامی زندگی میں آئے ہیں، کیونکہ عوام نے انہیں سب کچھ دیا ہے۔

انہوں نے بجٹ پیش کرنے سے قبل تمل کی کلاسیکی تصنیف تروکّرل کا یہ شعر بھی پڑھا کہ "تمام انسان پیدائش کے اعتبار سے برابر ہیں۔" 2026 کے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تملگا ویٹری کزگم کی کامیابی صرف ایک سیاسی جماعت کی فتح نہیں بلکہ پورے تمل ناڈو کے عوام کی جیت ہے۔

وزیرِ خزانہ نے وزیرِ اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "انہوں نے اپنے محبوب عوام اور ان لوگوں کے لیے، جو ان سے محبت کرتے ہیں، بے شمار سازشوں کا سامنا کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی اور آج وہ اس ایوان میں ایک حقیقی 'جنانائگن' (عوامی رہنما) کے طور پر موجود ہیں۔"

یہ اشارہ وزیرِ اعلیٰ وجے کی آخری فلم "جنانائگن" کی طرف بھی تھا، جس کا مطلب بھی "عوام کا رہنما" ہے۔ قائدِ حزبِ اختلاف ادھیانِدھی اسٹالن، جنہیں 3 اگست کو گرفتار کرنے کے بعد تھانے سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، ڈی ایم کے کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ایوان میں اپنی نشستوں پر موجود تھے۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مسلسل رہنمائی کرتے ہیں، مشورے دیتے ہیں اور صرف اس سوچ کے ساتھ دن رات محنت کرتے ہیں کہ ریاست کے عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا، "میں عوام کے محبوب اس رہنما کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔"

وزیرِ خزانہ نے اپنی تقریر کا آغاز ٹی وی کے کی نظریاتی شخصیات پیریار ای وی راماسامی، سابق وزیرِ اعلیٰ کے کامراج، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، تحریکِ آزادی کے رہنماؤں، رانی ویلو ناچیار اور انجلئی امل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سابق وزرائے اعلیٰ سی این انّا دورئی اور ایم جی رام چندرن کو بھی عوام دوست رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی فلاح کو ہمیشہ ترجیح دی۔

ولسن نے کہا کہ "تمام انسان برابر ہیں" کے اصول پر چلتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے اقتدار سنبھالنے کے صرف تین ماہ میں کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عوام کے دلوں میں مستقل جگہ بنا لی ہے۔ ان کے مطابق، "ہمارے وزیرِ اعلیٰ نے تمل ناڈو کی سیاسی تاریخ میں ایک ایسی عوامی تبدیلی برپا کی ہے جس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔

" انہوں نے حکومت کی اہم اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دو ماہ میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مفت بجلی کی حد بڑھا کر 200 یونٹ کر دی گئی ہے، جس سے گھریلو اخراجات میں کمی آئے گی۔ اسی طرح کوآپریٹو سوسائٹیوں سے قرض لینے والے کسانوں کے قرض معاف کرنے کی اسکیم بھی شروع کی گئی ہے۔ دیگر اقدامات میں کورووائی (مختصر مدت کی دھان کی فصل) کے لیے خصوصی پیکیج، خواتین کے تحفظ کے لیے "سنگاپین اسپیشل ٹاسک فورس"، اور منشیات کے خاتمے کے لیے ضلعی سطح پر اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس یونٹس کا قیام شامل ہے۔

وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں اور بس اڈوں کے قریب واقع سرکاری شراب کی 717 دکانیں بھی بند کر دی گئی ہیں، کیونکہ وہ عوامی زندگی میں خلل کا سبب بن رہی تھیں۔ انہوں نے "تھائیمامان تھنگا موتھیرم تھیٹم" (سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے سونے کی انگوٹھی کی اسکیم) کا بھی اعلان کیا، جس پر 15 ستمبر، یعنی سی این انّا دورئی کی یومِ پیدائش سے عمل درآمد شروع ہوگا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ان تمام اسکیموں نے ٹی وی کے حکومت پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔