چوکسی اب ہندوستانی شہری ہی نہیں ۔ بھگوڑے تاجر کے وکیل کا دعوی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2021
مفرور ہیرا تاجر
مفرور ہیرا تاجر

 

 

نئی دہلی -ڈمینس : مفرور ہیرا تاجر میہول چوکسی کی کیریبین جزیرے کے ملک ڈومینیکا میں قانونی جنگ جاری ہے ،جو ہندوستانی قانون سے بچنے کےلئے نئے نئے پینترے چل رہا ہے۔پنجاب نیشنل بینک کے 1300 کروڑ روپے کے گھوٹالے کے ملزم کے بارے میں سرکاری وکیل نے دالت میں بڑے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اسے ہندوستان کی تحویل میں دیا جائے یعنی کے اسے ہندوستان روانہ کردیا جائے۔ لیکن تاجر کے وکیل نے اب دعوی کیا ہے کہ تاجر ہندوستانی شہری ہی نہیں،کیونکہ وہ کسی اور ملک میں شہریت کی درخواست دائر کرنے کے بعد ہندوستانی شہریت سے خود بخود محروم ہوگئے ہیں۔ اس لئے واپس ہندوستان بھیجنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ساتھ ہی یہ بھی دعوی کیا ہے کہ تاجر کو اغوا کرکے لایا گیا ۔

 آج مفرور تاجر کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ وہیل چئیر پر بیٹھا ہوا تھا ،اس نے نیلی ٹی شرٹ اور کالی پینٹ پہن رکھی تھی۔اس پر ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا کیس بھی ہے۔ جس کا جواب اسے دینا ہے۔

یاد رہے کہ مفرورتاجر کی گرفتاری سے بہت سے نئے راز کھل گئے ہیں۔ کیریبین جزیرے کے ملک ڈومینیکا کے ایک اخبار روزنامہ ایسوسی ایٹ ٹائم کی ایک رپورٹ میں چوکی سے متعلق بہت سے راز فاش ہوئے ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق ، میہول چوکسی کے بڑے بھائی ، چیتن بھائی چوکسی ، نے ڈومینیکا کے حزب اختلاف کے قائد لینوکس لنٹن سے ملاقات کی تھی۔ دونوں کے مابین طے پایا تھا کہ لنٹن پیسوں اور انتخابی عطیات کے بدلے ،چوکسی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔

 ڈومینیکا حکومت کو یہ باورکرانے کی ضرورت تھی کہ اسے اینٹیگوا کے ایک باشندہ اور ہندوستانی پولیس نے اغوا کیا تھا۔ یاد رہے کہ چوکسی ، جو 13،500 کروڑ روپئے کے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) قرض فراڈ کیس میں ہندوستان کو مطلوب تھا ، 23 مئی کو اینٹیگوا سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ بعد میں وہ 27 مئی کو ڈومینیکا میں پکڑا گیا تھا۔

 چوکسی کو پی این بی قرض فراڈ کیس میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو مطلوب ہے۔ ہفتے کے روز سے سی بی آئی ، ای ڈی ، وزارت برائے امور خارجہ اور سی آر پی ایف کی آٹھ رکنی ٹیم ڈومینیکا میں ڈیرے ڈال رہی ہے۔ ٹیم وہاں چوکسی کے معاملے سے متعلق دستاویزات کے ساتھ موجود ہے۔